• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کرکٹرز بھی فٹ بال ورلڈ کپ کے شدت سے منتظر

پاکستانی کرکٹرز بھی فٹ بال ورلڈ کپ کے شدت سے منتظر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دنیا بھر اس وقت ورلڈ کپ فٹ بال کے فیور میں مبتلا ہے۔کرکٹرز بھی اس میگا ایونٹ کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے ورلڈ کپ فٹ بال میں دفاعی چیمپئن جرمنی کو اپنی فیورٹ ٹیم قرار دے دیا ہے۔اتوار کی شب اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں فائنل کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ میری جان ہے لیکن فٹ بال سے مجھے دلی لگائو ہے۔ شروع سے ہی میری فیورٹ ٹیم جرمنی رہی ہے اس مرتبہ بھی جرمنی کو سپورٹ کروں گا، الوداعی میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیل سکا جس کا افسوس ہے ۔ لارڈز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری میچ میں عالمی الیون کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اب زندگی میں کوئی حسرت نہیں، جو چاہا ملا، اب اپنے فلاحی مقاصد پر توجہ ہے ۔ اللہ کا شکر ہے ملک کے لئے جتنی کرکٹ کھیلی عزت پائی ، اس کا کبھی تصور نہیں کیا تھا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ مکمل انڈسٹری بن چکی ہے ۔ رمضان ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کو کرکٹ کے ساتھ ساتھ آمدن کا اچھا موقع ملتا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم بہتری کی جانب جارہی ہے ۔ ٹی 20 کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے ، کوئی ٹیم کمزور نہیں ۔ پاکستان ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم بہتری کی طرف جا رہی ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا ہے، ان مقابلوں کوئی بھی ٹیم کچھ بھی کرسکتی ہے۔ لیکن پاکستان ٹیم اسکاٹ لینڈ سے جیت کر ہی آئے گی۔

تازہ ترین