لاہور( این این آئی) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ووٹ کی عزت کا وقت آگیاہے ‘ووٹرزباہرنکلیں ‘ابھی نہیں تو کبھی نہیں ‘پوری قوم کومعلوم تھاکہ شیخ رشید کے کیس کا کیا فیصلہ آنا ہے اس لئے اسے سننا گوارا نہیں کیا، یہ روایت 70سالوں سے چلی آرہی ہے کہ عوام کے منتخب وزیر اعظم کو استعمال کئے ہوئے ٹشو پیپر کی طرح باہر پھینک دو ‘نوازشریف کی نااہلی اسکرپٹ کا حصہ اور فکسڈ میچ کے تحت ہوئی۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ایوان عدل میںکاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے ریٹرننگ افسران کے سامنے پیش ہونے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مریم نواز نے کہا کہ جس ڈکٹیٹر نے دو بار آئین توڑا کمر درد کا بہانہ بنا کر فرار ہو گیا اس نے کاغذات نامزدگی بھی جمع کر ادئیے ہیں اور ایک فاضل جج صاحب کہہ رہے ہیں کہ آپ تشریف لائیں کوئی آپ کو گرفتار نہیں کرے گا ۔ نواز شریف کے حوالے سے پہلے ہی فیصلہ کر لیا گیا تھا کہ اس سے جان چھڑانی ہے اور ایک بہانہ بنایا گیا ۔یہ سب کچھ اسکرپٹ کا حصہ اور فکسڈ میچ ہے ، لیکن اس میں کہیں یہ شامل نہیں تھاکہ نواز شریف ڈرنے کی بجائے ڈٹ جائے گا‘ان کی سب منصوبہ بندی فیل ہو گئی ہے اور اب یہ لوگ کبھی دائیں ، کبھی بائیں اور کبھی آگے اور کبھی پیچھے دیکھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کی عزت کا وقت آگیا ہے اور کامیابی قریب ہےُ میں ملک، قوم اور ووٹ کی عزت کیلئے باہر نکلی ہوں، ووٹر سے کہتی ہوں باہر نکلیں، ابھی نہیں تو کبھی نہیں۔