عید کا مزا تو اپنوں میں ہی ہے، چار چھٹیاں ملنے پر دور دراز شہروں اور دیہاتوں سے آئے اسلام آباد کے عارضی شہریوں کے تو مزے ہی ہو گئے، اپنوں سے ملنے کو بے تاب پردیسیوں نے گھروں کے جانے کے لئے بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشن پر قطاریں لگا دیں۔
جڑواں شہر کہیں یا پردیسیوں کے شہر،سال بھر کھچا کھچ رش سے بھرے رہنے والے راولپنڈی اور اسلام آباد کی حقیقت عید کے موقع پر کھل کر سامنے آ جاتی ہے۔
ہر سال اور ہر عید کی طرح اس بار بھی ملک بھرسے آئے یہ پردیسی اپنے پیاروں کے سنگ عید کی خوشیاں منانے کے لئے بس اڈوں پر جمع ہو گئے۔
نہ گرمی کی پریشانی نہ ہی روزے میں پیاس کی پرواہ، تپتی دھوپ میں عورتیں اوربچوں سمیت ہر عمر کے افراد بس اڈوں پر ٹکٹ کے حصول کے لیے موجود ہیں۔
بس اڈوں پر مالکان عید سے چار روز قبل پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب پریشان دکھائی دیتے ہیں جبکہ شہریوں کو مہنگے کرایوں کی پریشانی سے بچانے کے لئےراولپنڈی اور اسلام آباد کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کے اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہیں۔