اسلام آباد ( آن لائن ) مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے کہا ہے کہ کہ پرویز مشرف بزدل انسان ہیں، وہ کبھی وطن واپس نہیں آئیں گے‘ پہلے آئین کو توڑا جا رہا تھا، اب کھیلا جا رہا ہے‘25جولائی کو نظام بدلنے کیلئے نکلیں گے۔جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوّل تو مشرف آئیں گے نہیں، آئے تو نظریہ ضرورت پیدا ہوگا ، میں اْن لوگوں کوکہنا چاہ رہا ہوں کہ آئین کیساتھ نہ کھیلا جائے کہ مشرف کو 3 نومبر کے آئین شکن اقدامات پر عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا، مجھے ڈر ہے کوئی نیا نظریہ ضرورت، پی سی او یا ایل ایف او نہ آ جائے، پراسیکیوشن کو جو رات پڑھایا جاتا ہے وہ صبح بیان کر دیتے ہیں۔کیپٹن ( ر ) صفدر نے مزید کہا کہ میرا کیس اس وقت استحقاق کمیٹی کے پاس ہے، واجد ضیا معزز رکن اسمبلی کو جھوٹا کیسے کہہ سکتے ہیں ؟ اگلی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی میں واجد ضیا کو اپنی بات ثابت کرنی ہوگی، اگر کمیٹی نے واجد ضیا کو جھوٹا قرار دیا تو کیس ختم ہو جائے گا ۔نہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو بڑی عید ہو گی، جب ہم نظام بدلنے کے لیے نکلیں گے۔ کیپٹن صفدر نے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان بنایا تھا، ہم نظام آزاد کرائیں گے۔