راولپنڈی(ایوب ناصر/راحت منیر)محکمہ انٹی کرپشن راولپنڈی ریجن نے732کنال کے میگا لینڈ فراڈ میں سائیں انعام کے بعد انجمن پٹواریاں راولپنڈی ڈویژن کے صدر ملک خورشید عرف پپو پٹواری کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ملزم کا ڈیوٹی جج راولپنڈی سے چار روزہ ریمانڈ لے لیا گیا ہے۔مقدمہ میں تحصیلدار سہیل مقبول ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پرمفرورہوچکا ہے۔ذرائع کے مطابق مغل پڑی موضع میں732کنال اراضی جس کی مالیت اربوں روپے بتائی جاتی ہےسائیں انعام نے محکمہ مال راولپنڈی کے ساتھ ملی بھگت کرکے بغیر ملکیت و قبضہ منتقل کرالی تھی۔جس میں پٹواری الیاس،ملک خورشید،سہیل مقبول کے علاوہ محکمہ مال راولپنڈی کے ایک افسر کا نام بھی لیا جارہا ہےجو پٹواریوں کی مرضی کی پوسٹنگ کرتا رہا ہے۔ملک خورشید کی دوران تفتیش سائیں انعام نے متعدد ناجائز اثاثوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔ذرائع کے مطابق ملک خورشید پر الزام ہے کہ اس نے36کنال اراضی کو636کرکے سائیں انعام کو دلائی جو اس نے اپنے عزیز فضل راشد کو گفٹ کی تھی۔ذرائع کے مطابق محکمہ انٹی کرپشن نے ملک خورشید کو تفتیش کیلئے بلایا تھاجس کے بعد ملک خورشید نے تفتیشی کے فون سننے بھی بند کردئیے۔ذرائع کے مطابق ملک خورشید کے کئی عزیز بھی محکمہ مال راولپنڈی میں ہیں جو اسی افسر کی چھتری تلے میدان کرپشن میں سرگرداں ہیں۔ان تمام کے خلاف محکمہ انٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔