کوئٹہ میں عیدالفطر کےموقع پرانڈے لڑانے کاروایتی کھیل کھیلاجاتا ہے۔کوئٹہ میں عید کے تہوارپرانڈے لڑانے کا روایتی اوردلچسپ کھیل نہ کھیلا جائے یہ ہو نہیں سکتا ۔شہر کے مختلف مقامات پرانڈوں کی لڑائی کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔
اس کھیل میں اُبلے ہوئے انڈے استعمال کیے جاتے ہیںاوربچے و بڑے سب ہی اس کھیل میں دلچسپی لیتے ہیں۔ کھیل کے قواعد کے مطابق دو افراد آپس میں انڈے لڑاتے ہیں۔ ایک شخص انڈے کے نوک والے حصے کو دوسرے شخص کے ہاتھ میں موجود انڈے کے نوک والے حصے سے ٹکراتا ہےجس شخص کا انڈہ ٹوٹ جائے وہ ہارجاتا ہے اور اپنا ٹوٹا ہوا انڈا جیتے ہوئے شخص کےحوالے کردیتا ہے۔
انڈہ لڑانےوالوں کاکہنا ہے کہ انہیں اس کھیل میں مزا آتاہے۔انڈے لڑانے میں خاص قسم کی تکنیک استعمال کی جاتی ہےاور کوشش ہوتی ہے کہ دوسرے کےانڈے پر اس انداز اورہلکی طاقت سے ضرب لگائی جائے کہ اپنا انڈہ بچ جائے اور دوسرے کا انڈہ ٹوٹ جائے۔
انڈے لڑانے کےلئے اگر کوئی مدمقابل نہ ہو تو انڈے فروخت کرنے والوں سے ہی انڈہ لڑالیاجاتاہے،،جیت جائےتو انڈہ اسے مل جاتاہے ورنہ ہارنےوالے شخص کو اپنا ٹوٹا ہوا انڈہ یا اس کے پیسےدینے پڑتے ہیں۔
انڈہ لڑانے پر شرطیں بھی لگائی جاتی ہیں اورکبھی کبھی انڈہ لڑانے کا یہ کھیل مد مقابل افراد کے درمیان حقیقی لڑائی جھگڑے میں بھی تبدیل ہوجاتی ہےتاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ انڈہ لڑانے کے کھیل کو تفریح تک ہی محدود رہناچاہیے۔