• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
s

اولمپین کرن خان ایک جانا پہچانا نام ہیں۔ سوئمنگ میں انہوں نے عالمی سطح پر تو ملک کی نمائندگی کی ہی لیکن ملکی سطح پر بھی انہوں نے غیر معمولی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور کئی ایک ریکارڈز اپنے نام کئے جوکہ عرصہ دراز سے انہی کے نام کے آگے لکھے ہو ئے ہیں۔ کرن خان کھیلوں کی دنیا میں اپنی پہچان بنانے کے بعد اب ایک نیک کام کے لئے آگے آرہی ہیں اور یہ کام وہ اپنے ساتھی ایتھلیٹس کے لئے کرنا چاہتی ہیں۔ کرن خان نے بتایا کہ وہ عرصہ دراز سے سوچ رہی ہیں کہ ایتھلیٹس کی کیسے مدد کریں۔ وہ کہتی ہیں کہ میں نے اپنے کیرئیر میں دیکھا ہے کہ کئی باصلاحیت کھلاڑی اس لئے آگے نہیں آسکتے کیونکہ ان کے پاس وسائل نہیں ہیں۔ اس لئے اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں ان ایتھلیٹس کے لئے فنڈز اکٹھے کروں گی اور ایتھلیٹس کی مدد کروں گی۔ میں لوگوں سے کوئی ہزاروں نہیں مانگ رہی۔ میں کم سے کم پانچ روپے مانگ رہی ہوں۔ پانچ روپے دیں یا دس روپے دیں۔ میرا مقصد فنڈز اکٹھے کرنا ہے۔ سو روپے دیں یا پانچ سو روپے۔ میں زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھا کرنا چاہتی ہوں اور اس کے لئے میں نے ایک بنک میں اکائونٹ بھی کھولا ہے۔ میرے سوشل میڈیا کے اکائونٹس پر بھی میرے ساتھ رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ کرن خان کہتی ہیں کہ امدادی رقم ان ایتھلیٹس کو دی جائے گی جنہیں اسپانسرز نہیں ملتے لیکن وہ پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں اور جو نمائندگی کے اہل بھی ہیں۔ پیسوں کے نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ان ایتھلیٹس کی مدد کی جائے گی تاکہ وہ اپنا شوق بھی پورا کریں اور ملک کی نمائندگی کا خواب بھی پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایتھلیٹس کی بہت بڑی تعداد ہے جو پیسوں کے نہ ہونے کی وجہ سے کھیلوں سے دور چلے جاتے ہیں۔ میرا ہدف یہی ہے کہ ایسے ایتھلیٹس کو کھیلوں سے اب دور نہیں ہونے دینا۔ کرن خان نے بتایا کہ وہ امدادی فنڈز سے کھلاڑیوں کو کٹس لیکر دیں گی۔ اپنی ضرورت پورا کرنے کے لئے انہیں رقم دیں گی اور جو ایتھلیٹس اپنی تعلیم جاری رکھے ہو ئے ہیں اور ان کے پاس فیس دینے کے پیسے نہیں ہیں، ان کی فیس بھی ادا کریں گی۔ کرن خان نے ایک اچھا قدم اٹھایا ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ کرن خان کا ہاتھ بٹانے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے دوسرے ایتھلیٹس کو بھی آگے آنا چاہئے، مخیر کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنا چاہئے اور کرن خان کے اس مقصد میں ان کا بھرپور ساتھ دینا چاہئے۔

تازہ ترین
تازہ ترین