ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کا بیان غلط اور بے بنیاد ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کرنے کے ٹرمپ کے بیانات غلط اور بے بنیاد ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی حکام نے جنگ بندی کی خبروں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کسی عارضی وقفے نہیں بلکہ جنگ کے مکمل خاتمے کا خواہاں ہے۔
ایک ایرانی عہدیدار کے مطابق ایران نے کبھی جنگ بندی کی درخواست نہیں کی۔ اسی مؤقف کو دہراتے ہوئے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بھی کہا کہ ایران سیز فائر نہیں بلکہ اس جنگ کے مکمل خاتمے کا خواہاں ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس مؤقف پر مسلسل قائم ہیں اور ضرورت پڑنے پر کم از کم 6 ماہ تک جاری رہنے والی طویل جنگِ کے لیے بھی تیار ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تا کہ ایران کی نئی رجیم کے صدر نے ابھی امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جنگ بندی کی درخواست پر غور کریں گے۔ درخواست پر تب غور کریں گے جب آبنائے ہرمز کھلی اور مکمل طور پر محفوظ ہوجائے گی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت تک ہم ایران کو مکمل طور پر تباہ یا پتھر کے زمانے میں واپس بھیج دیں گے۔