ڈربی میں کار سے ٹکر مار کر 7 افراد کو زخمی کرنے والے بھارتی باشندے سندھو پوننا چن کو سدرن ڈربی شائر مجسٹریٹس میں پیش کیا گیا، پولیس اس پر لوگوں کو زخمی کرنے کی فرد جرم پہلے ہی عائد کرچکی۔
پوننا چن نے ہفتہ کی شب ساڑھے 9 بجے اپنی گاڑی سے 7 افراد کو ٹکر مار کر زخمی کیا تھا۔
سندھو پوننا چن نے عدالت میں اپنے نام اور پتہ تصدیق کی، اس پر 6 افراد کو جان بوجھ کر شدید جسمانی نقصان پہنچانے کے 6 الزامات اور ایک الزام اسی نوعیت کی کوشش کا عائد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اس پر خطرناک ڈرائیونگ اور تیز دھار ہتھیار رکھنے الزام بھی عائد کئے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق پوننا چن کا تعلق بھارت سے ہے، اسے 29 اپریل کو ڈربی کراؤن کورٹ میں پیش ہونے تک ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔
ڈربی شائر پولیس کے مطابق اس واقعے میں 4 مرد اور 3 خواتین، جن کی عمریں 36 سے 52 سال کے درمیان ہیں، شدید زخمی ہوئیں تھیں، سماعت تقریباً 5 منٹ جاری رہی، جس کے دوران ضمانت کی کوئی درخواست نہیں دی گئی۔