لاہور (نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں عدلیہ مخالف احتجاج اور ریلی نکالنے کیخلاف درخواست پر ملزمان سابق ایم این اے شیخ وسیم، احمد لطیف، ناصر خان اور جمیل خان کے بیان قلمبند کر لئے۔ عدالت نے ملزمان کے وکلاء کو حتمی بحث کیلئے 25جون کو طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ ملزمان ناصر خان اور جمیل خان نے اپنے بیان قلمبند کروائے۔ ملزمان سابق ایم این اے شیخ وسیم اور احمد لطیف نے صحت جرم سے انکار کیا۔ گزشتہ سماعت پر سابق رکن پنجاب اسمبلی نعیم صفدر سمیت 2 ملزموں نے بیانات ریکارڈ کرائے تھے۔ توہین عدالت کی درخواست قصور بار ایسوسی ایشن کے صدر نسیم مرزا نے دائر کر رکھی ہے۔