کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ ہفتے سے ہالینڈ میں شروع ہوگا جس میں چھ ٹیمیں ایکشن میں ہونگیں۔ پاکستانی ہاکی ٹیم اپنا افتتاحی میچ اسی روز روایتی حریف بھارت سے کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق 11 بجے دن میں کھیلا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق 23 جون کو ہالینڈ کا مقابلہ ارجنٹائن اورآسٹریلیا کا بیلجیم سے ہوگا۔ اگلے روزبھارت کا مقابلہ ارجنٹائن ، ہالینڈ کا بیلجیم اور پاکستان کا مقابلہ ایک بجے دن میں آسٹریلیا سے ہوگا۔ 26 جون کو پاکستان شام پانچ بجے ہالینڈ سے مقابلہ کرے گا، ارجنٹائن کا سامنا بیلجیم سے ہوگا۔ 27 جون کو بھارت اور آسٹریلیا مدمقابل ہونگے۔ 28 جون کو بھارت اور بیلجیم ، ہالینڈ اور آسٹریلیا جبکہ اسی روزدوپہر بارہ بجے پاکستان اور ارجنٹائن میں ٹکرائو ہوگا۔ اگلے روز قومی ٹیم دوپہر بارہ بجے بیلجیم سے مقابلہ کرے گی۔ 30 جون کو ارجنٹائن کا مقابلہ آسٹریلیا سے اور ہالینڈ کا بھارت سے ہوگا۔ یکم جولائی کو فائنل اور پوزیشن میچز ہونگے ۔ واضح رہے کہ پاکستان تین بار چیمپئنز ٹرافی جیت چکا ہے۔