• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ایجوکیشنل ایکسپو کی اہمیت

تعلیمی نمائشیں جہاں تعلیمی اداروں کے تعارف کا ذریعہ بنتی ہیں وہیں طلباء اور طالبات کو مختلف مضامین میںاعلیٰ تعلیم کے بارے میںمعلومات اورآگاہی حاصل ہوتی ہے ۔تعلیمی نمائشیں دورحاضر میں علم کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہیں۔ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے تمام ممالک میں یہ نمائشیں ہوتی رہتی ہیں جن میںامریکا، یورپ اور دیگرترقی یافتہ ممالک کی یونیورسٹیاں بڑھ چڑھ کرحصہ لیتی ہیں۔

ایجوکیشنل ایکسپو میں تعلیمی میدان میں استعمال ہونے والی نئی نئی مصنوعات کو متعارف کرایا جاتا ہے، نئے نئے رجحانات پیش کیے جاتے ہیں۔ نمائش میں پیش کی جانے والی ہر چیز تعلیمی اداروں کی ضروریات کے عین مطابق ہوتی ہے۔ یہاں جدید تعلیمی مواد بھی

دستیاب ہوتا ہے۔ یہی نہیں، اس نمائش میں متعدد موضوعات پر لیکچرز کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ اسی لئے منتظمین اسے فروغ تعلیم کا ایک ذریعہ قرار دیتے ہیں۔ یہ نمائش ہر کسی کے لئے ہوتی ہے جس سے اساتذہ، طلباء و طالبات، ماہرین تعلیم، تربیت کار اور یونیورسٹی کے پروفیسرزسمیت سب ہی اس نمائش سے استفادہ کر سکتے ہیں، حتیٰ کہ بچے بھی۔ یہاں کنڈرگارٹن کی سطح کے بچوں کے لئے بھی مختلف اسٹالز سجائے جاتے ہیں جبکہ بچوں کے لئے کوئز شوز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ان نمائشوں میں محض تعلیمی مصنوعات اور خدمات ہی پیش نہیں کی جاتیں بلکہ تعلیمی رجحانات پر نشستیں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔

نوجوان بھی اس نمائش سے مایوسی نہیں ہوتے۔ ان کے لئے ہر قسم کے موضوعات پر سی ڈیز، ڈی وی ڈیز اور کتابیں اس نمائش کا حصہ ہوتی ہیں۔ مختلف عالمی معیار اور اقدار کے ادارے اپنے اپنے پورٹ فولیو کےساتھ اپنے اسٹالز پر موجود ہوتے ہیںاور اپنے ادارے کی قدرومنزلت کے حساب سے نوجوانوں کو جدید کورسز آفر کرتے ہیں ۔ نوجوانوں کےذہن میں کوئی بھی سوال ہو، تعلیمی اداروں کے نمائندے ان کا موزوںجواب فراہم کرنے کو ہمہ وقت تیار رہتے ہیں جن میںداخلہ پالیسی،فیس اسٹرکچر،اسکالر شپ یادیگر معلومات شامل ہیں۔

اس کی اہمیت کے پیش نظر جنگ میڈیا گروپ کی جانب سے ہر سال ایجوکیشن ایکسپو کا اہتمام کیا جاتاہے۔ گزشتہ برس ہونے والی نمائش میں صوبہ بھر کی40یونیورسٹیوں، کالجز اور درس و تدریس سے وابستہ دیگر اداروں نے اپنے اسٹالز لگائے تھے، جس میں آنے والے طلبا کے لیے رعایتی فیسوں پر مختلف کورسز میں داخلہ لینے سے متعلق معلومات مہیا کی گئی تھیں۔اس نمائش میں سینکڑوں کی تعداد میں مختلف یونیورسٹیوں کے طالب علموںنے شرکت کی۔

اسی طرح جنگ میڈیا گروپ کے تحت کراچی کےایکسپو سینٹر میں اس سال بھی بین الاقوامی تعلیمی نمائش 2018منعقد کی گئی ہے جس میں امریکا، پولینڈ، آسٹریلیا، ترکی اور جرمنی سمیت دیگر کئی ممالک کی بین الاقوامی جامعات کے اسٹالز لگائے گئے ہیں ۔ دو روزہ اس تعلیمی نمائش میں خصوصی جوش وخروش دیکھنے میں آرہا ہے اور ہزاروں طلباء و طالبات اپنے والدین، اساتذہ ،دوستوں اور ہم جماعتوں کے ہمراہ نمائش میں شرکت کی ۔ اس موقع پر زبردست گہما گہمی دیکھنے میں آئی اور طلباء اورطالبات سارا دن مختلف جامعات کے اسٹالز پر موجود نمائندوں سے رہنمائی لیتے رہے جبکہ مختلف جامعات کے نمائندگان بھی طالب علموںکو مفید معلومات فراہم کرنے میں مصروف نظر آئے ۔ تعلیمی اداروں کو امید سے زیادہ پذیرائی ملی اور بڑی تعداد میں طالب علم ان کے اسٹال پر آئے ۔ حیرت انگیر طور پر 50فیصد سے زائد طالب علموں نے پی ایچ ڈی سے متعلق معلومات لیں جو کافی خوش آئند ہے۔ زیادہ ترطالب علم کمپیوٹر سائنسز، پبلک پالیسی اور پبلک مینجمنٹ کے مضامین میں دلچسپی لیتے رہے ۔

یہ ایک ایسا ایونٹ ہے جس میں ایک چھت تلے سارے تعلیمی ادارے بیٹھتے ہیں ۔ اس نمائش سے فریش گریجویٹس اور انڈر گریجویٹس کو اپنے مستقبل کو سنوارنے کا سنہری موقع ملتاہے کیونکہ وہ اس زحمت سے بچ جاتے ہیں کہ داخلوں کیلئے مختلف یونیورسٹیوں کا دورہ کریں اور اس کے بعد دیکھیں کہ کونسی یونیورسٹی میں کون سا کورس ان کیلئے بہتر رہے گا، ان کی یہ مشکل اس ایجوکیشن ایکسپو نے آسان کردی ہے۔ اس طرح کی نمائش نا صرف معلومات کی فراہمی کا بلکہ مختلف اسکول ، کالج اور یونیورسٹی کے طالب علموں سے میل ملاپ کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔

جنگ میڈیا گروپ کی ایجوکیشنل ایکسپو 2018یقیناًعلم کے متلاشی طالبعلموں کے لیے ایک مشعل راہ ثابت ہوگی۔

آج ایجوکیشنل ایکسپو کا آخری روز ہے۔ اگرآپ اپنی یا اپنے بچوں کی تعلیمی سرگرمی کے حوالے سے معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو یہ نمائش اس کے لیے کافی مددگار ثابت ہو گی ۔

تازہ ترین