راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے شعبہ ریونیو برانچ (ٹیکس برانچ) میں زیادہ ترجونیئر عملہ سیکٹر انچارج لگا ہوا ہے ،جس سے ہائوس ٹیکس کی وصولیاں متاثر ہو سکتی ہیں، ذرائع کے مطابق 12 سیکٹروں میں سے صرف دو یا تین انچارج ہی اے آر ایس ہیں ،باقی میں ایل ڈی سی اور یو ڈی سی تعینات ہیں ، ٹنچ بھاٹہ اور گوالمنڈی سیکٹروں کے انچارج بھی ایل ڈی سی لگے ہوئے ہیں ، ذرائع کے مطابق پسند نا پسند کی بنیاد پر جونیئر سٹاف کو سیکٹر انچارج بنا دیا جاتا ہے ، کینٹ بورڈ میں چھوٹے سٹاف کی ترقیوں کا عمل اس قدر سست ہے کہ اگر بیس سال قبل کوئی اہلکار یو ڈی سی وغیرہ بھرتی ہوا تھا وہ آج بھی یو ڈی سی کی پوسٹ پر کام کر رہا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ ریونیو کا رابطہ کرنے پر اس حوالے سے کہنا تھا کہ سیکٹر انچارج جونیئر عملہ کو نہیں بنایا گیا ہے بلکہ یو ڈی سی کا گریڈ اے آر ایس سے بھی زیادہ ہے ، ہمارے پاس دوتین اے آر ایس بھی سیکٹروں کے انچارج لگے ہوئے ہیں۔