ڈاکٹر طاہر القادری نے اگلے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ موجودہ انتخابی عمل کو جمہوریت نہیں سمجھتا،ایسے انتخابات پر یقین رکھتے ہیں جس میں آئین و قانون کی بالادستی ہو۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ یہ نظام دھاندلی زدہ اور ظلم زدہ ہے اور کرپٹ کو تحفظ فراہم کرتا ہے جبکہ پاکستان عوامی تحریک کچلنے والے نظام کا حصہ نہ تھی نہ ہی اس کرپٹ نظام کا حصہ بنے گی ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد جاری رہے گی ، الیکشن میں حصہ لینا ہماری جدوجہد کی موت ہے،عام انتخابات کے ٹکٹ کسی کو جاری نہیں کریں گے اورامیدواروں کے جمع کرائے گئے کاغذات واپس لیں گے۔
انتخابی نظام کوصاف و شفاف بنانے کی ضرورت ہے،ہم نے اس کی عملی کو شش بھی کی لیکن ہمیں سانحہ ماڈل ٹائون پر آج تک انصاف نہیں ملا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام جرائم پیشہ افرادکو دوبارہ اسمبلیوں کی سیٹوں پربیٹھتےدیکھ رہا ہوں ،ہم نے کرپٹ انتخابی نظام کی اصلاح کیلئے 2013میں جدوجہدشروع کی،ہماری جنگ صرف نظام کی تبدیلی اوراصلاحات کی تھی،ملک میں فیصلوں میں تاخیرہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے سانحہ ماڈل ٹائون کا 15روزمیں فیصلہ سنانے کاکہاتھا تاہم آج تک سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے معاملے پر انصاف کے منتظر ہیں۔