• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو کے قاتلوں کی اب تک عدم گرفتاری افسوسناک ہے، پی پی بلجیم

برسلز (حافظ انیب راشد) پاکستان پیپلزپارٹی بلجیم کے زیراہتمام پارٹی کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے 65ویں یوم پیدائش پر ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب کا اہتمام پیپلزپارٹی کے سابق صدر حاجی وسیم اختر کی رہائشگاہ بھٹو ہائوس میں کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری جاوید نے کہا کہ پارٹیاں نظریئے اور منشور پر چلتی ہیں جب بھی اس راہ کو چھوڑ دیا گیا تو پارٹی کو الیکشن لڑنے کیلئے الیکٹیبلز کی ضرورت پیش آئی ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عظیم لیڈر کے قاتل اب تک گرفتار نہیں ہوسکے ۔ انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپنے دور حکومت میں " سب سے پہلے پاکستان " کہنے والا آج ملک کی عدالتوں کے بلانے پر بھی واپس نہیں جا رہا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرویز مشرف کی پینشن بند کی جائے ،پی پی پی بلجیم کے سابق صدر حاجی وسیم اختر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ پاکستان میں جمہوریت چلتی رہنی چاہیے اس کیلئے ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں ۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے عدالتوں میں پیشی کے دوران مختلف شکایات کرنے پر انہیں یاد دلایا کہ کیسے بی بی اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ مختلف شہروں کی مختلف عدالتوں میں چکر لگا یا کرتی تھیں اور مسلم لیگی قیادت انصاف کی بجائے ججوں کو سزائوں کیلئے ہدایات جاری کیا کرتے تھے۔ انہوں نے اپنی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ پارٹی میں نظریاتی کارکنوں کو سامنے لائے ۔پیپلزپارٹی برسلز کے سابق صدر خالد محمود نے کہا کہ کہ آج کی تقریب کا مقصد اس نظریئے کی یاد دہانی ہے جس کے لئے ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا گیا اور جس کیلئے بے نظیر بھٹو نے اپنی جان کی قربانی دی ۔ سینئر راہنما نواز بٹ نے شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کل چیف جسٹس ثاقب نثار ہر چیز کو بہتر کرنے کی کو شش کر رہے ہیں تو اس موقع پر وہ عدالت کے چہرے پر موجود داغ کو بھی دھو ڈالیں اور عدلیہ بھٹو کیس کا فیصلہ بھی کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز کو ووٹ کا حق دیا جائے کیونکہ ووٹ کا حق نہ دینا ان پر عدم اعتماد کا اظہار ہے ۔ انہوں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹیبلز کسی کا ساتھ نہیں دیا کرتے ۔ تقریب کے دیگر رہنماؤں شیخ شکیل احمد ، ملک اخلاق اعوان ، اطہر بلتی چوہدری عمران ثاقب اور شیراز بٹ نے کہا کہ بھٹو خاندان کے اس جدوجہد کو سلام جو ایک نظریئے اور ایک مقصد کیلئے کی گئ اور نظریہ یہ تھا کہ ملک میں عوام کی حکومت اور جمہوری راج قائم ہو۔ عوام خوشحال ہوں پیپلزپارٹی نے عوام کو اپنی سیاست کا محور بنا کر یہی کوشش کی تھی ۔ اس موقع پر بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ۔
تازہ ترین