• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم ملک میں شریعت محمدیؐ کے نفاذ کیلئے اسلام آباد کا اقتدار چاہتے ہیں، مولانا فضل الرحمان

ہم ملک میں شریعت محمدیؐ کے نفاذ کیلئے اسلام آباد کا اقتدار چاہتے ہیں،  مولانا فضل الرحمان

پشاور(نمائندہ جنگ) متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علمائے اسلام(ف) کے قائد مولانا فضل الرحمان نے اقتدار میں آکر ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام چاہتے ہیں، ہم ملک میں شریعت محمدیؐ کے نفاذ کیلئے اسلام آباد کا اقتدار چاہتے ہیں جس کیلئے ہم نے بندوق، توپ یا تلوار کا نہیں بلکہ ووٹ کی پرچی کا سہارا لیا ہے‘ہم اس سرزمین پر یہودیوں ،فرنگیوں اورمغربی تہذیب کے دعویداروں کو کوئی جگہ نہیں دینگے‘ خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کے یہودی ایجنڈے کو ناکام اور مسترد کردیا ہے ، صوبہ کے عوام اب سونامی والوں کے سبز باغ سے دھوکہ نہیں کھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں مجلس عمل کے زیر اہتمام انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘فضل الر حمان نے کہا کہ قوم کا ووٹ ہمارے پاس امانت ہوگا اور ہم اس کا استعمال کرتے ہوئے ہم قوم کی تقدیر تبدیل کرینگے ‘اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جب طیب اردگان ترکی میں جیتے ہیں تو پھر25جولائی کو پاکستان میں بھی ایم ایم اے ہی کو کامیابی حاصل ہوگی،ہم پاکستان کو اسلامی ریاست بنانا چاہتے ہیں اورنظام مصطفی کا نفاذ ہی ہمارا مقصد ہے ‘ ایم ایم اے میں شامل کسی بھی لیڈر کا نام نیب میں نہیں نہ ہی پانامہ میں شامل ہے،کلین اور گرین پاکستان ہم بنائیں گے ،ہم مجوعی آمدنی کا 5فیصدتعلیم پر خرچ کرینگے اور خیبرپختونخوا سے بے روزگاری کا خاتمہ کرینگے اوربے روزگاری کے خاتمے تک انھیں بے روزگاری اور بزرگوںکو بھی الائونس دیاجائیگا ،انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل پی ٹی آئی ،مسلم لیگ(ن)یا پیپلزپارٹی کے پاس نہیں بلکہ ایم ایم اے کے پاس ہے ،انہوںنے کہا کہ ہم اگر جیت گئے تو ہم ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکہ سے رہا کراکے لائیں گے اور طیب اردگان کیساتھ مل کر فلسطین کا مسئلہ حل کرینگے ۔ادھر بڈھ بیرپشاورمیں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا کرایہ داروں سے خالی ہو چکا ہے اور اب اس صوبے کے عوام کی حکمرانی کا دور شروع ہونے جا رہا ہے ، اے این پی کی کامیابی یقینی ہے اور حکومت میں آ کر گزشتہ پانچ سالہ محرومیوں کا ازالہ کریں گے ، صوبے کے عوام باچاخانی چاہتے ہیں، 5سال تک جھوٹ بولنے والوں کا یوم حساب قریب آچکاہے‘ اقتدار میں آکر خالی خزانے کو دوبارہ بھریں گے، بیرونی سرمایہ کاروں کو لائیں گے اور بجلی کے منصوبے مکمل کر کے اندھیروں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کریں گے ۔ امیرحیدر ہوتی نے کہاکہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو نے پانچ سال تک دھرنوں کی سیاست کی اور عوامی مسائل کو پس پشت ڈالے رکھا جس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سی پیک ،سندھ میں تھرکول اور بلوچستان میں گوادر جیسے منصوبے شروع کئے گئے جبکہ یہاں صوبائی حکومت گدھوں کی تجارت میں لگ گئی ، بے روزگاری کے خاتمے کیلئے نوجوانوں کو چوہے مار مہم پر لگا دیا گیا۔

تازہ ترین