قصور کے علاقے شفیع والاچوک سے 6سالہ فائق 3ماہ سے لاپتہ ہے۔کس نے اغوا کیا ،کہاں کھو گیا ،کچھ پتہ نہ چلا،پولیس کی مجرمانہ خاموشی پر اہل علاقہ نے احتجاجی ریلی بھی نکالی ۔
فائق کی والدہ اپنے بیٹے کی جدائی کے باعث غم سے نڈھال ہیں،ان کا کہنا ہے کہ بیٹا چیز لینے کےلئے گھر سے نکلا تھا ،پھر نہیں لوٹا ،اسے بہت ڈھونڈا پر کوئی سراغ نہ ملا ۔
غمزدہ والدہ نے اپیل کی ہے کہ میرا بچہ ڈھونڈنے میں میری مدد کریں ،پولیس ہماری مدد نہیں کررہی،ایک ماں کا درد سمجھیں،میں طویل عرصے سے اپنے بچے سے نہیں ملی ہوں،کوئی ماں اتنے دن بچے سے کیسے دور رہ سکتی ہے ؟
انہوں نے اللہ کا واسطہ دیتے ہوئے ہر پاکستانی سے فریاد کی ہے کہ جیسے بھی ممکن ہوسکے ہماری مدد کریں ۔
قصور کی پولیس نے فائق کی گمشدگی کا اشتہار دے کر خانہ پری کی ،اہل علاقہ اور مقامی رہائشی نے پولیس کے رویے کے خلاف احتجاج کیا اور پولیس مخالف نعرے بازی بھی کی اور فائق کو ڈھونڈنے کا مطالبہ بھی کیا ۔
قصور کے شہری زینب قتل جیسے بڑے واقعے کے بعد بھی پولیس کی اس مجرمانہ خاموشی پر برہم ہے،انہوں نے 24مارچ سے غائب فائق کےلئے2جولائی کو بڑے احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔