• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی جونیئر اسکواش ٹیم کو بھارتی ویزے جاری نہیں ہوئے

 کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) بھارت نے ویزے جاری نہ کرکے پاکستانی کھلاڑیوں کو مسلسل دوسرے برس انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے محروم کردیا جس کی باقاعدہ تحریری شکایت ایشین اور عالمی اسکواش حکام کو کردی ہے۔ اس حوالے سے جنگ سے گفتگو میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن طاہر سلطان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 18سے 23جولائی تک چنئی میں شیڈول ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ انفرادی اور ٹیم مقابلوں کیلئے ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔ فیڈریشن نے ایونٹ کی تیاری کے لئے کئی ماہ سے تربیتی کیمپ لگایا ہے۔ بھارتی آرگنائزرز کے مشورے کے مطابق ہم نے ویزوں کےلئے بھارتی ہائی کمیشن کو 35روز قبل درخواست دی تھی ۔ پاکستان نے ایشین اور ورلڈ اسکواش فیڈریشن کو تحریری طور پر مسئلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئن شپ میں پاکستان کی شرکت کو یقینی بنائیں یا آرگنائزر اس ایونٹ کو کینسل کردیں۔ پاکستان میں ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹس کیلئے ہم نے غیرملکی کھلاڑیوں کو وقت سے پہلے ہی ویزے جاری کئے لیکن بھارتی اسکواش فیڈریشن کا رویہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔
تازہ ترین