• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آج کا دستر خوان....

لیجیے، معمولاتِ زندگی اپنی ڈگر پر لوٹ آئے ہیں۔صُبح اُٹھنے کے بعد جو کام کاج کا سلسلہ شروع ہوتا ہے، نمٹاتے نمٹاتے رات ہی ہوجاتی ہے۔ پھر اس کے ساتھ تینوں وقت کے کھانے کا اہتمام بھی کرنا ہوتا ہے۔ویسے خواتین کے لیے سب سے مشکل کام اتوار کے کھانے کا مینیو منتخب کرنا ہے کہ سب ہی کی پسند کا خیال جو رکھنا ہوتا ہے۔ کیا خیال ہے، اگر اس اتوار دسترخوان تھائی فوڈز سے سجا لیا جائے؟ تو لیجیے، آپ کی خدمت میں حاضر ہیں، تھائی فوڈز کی چند آسان سی تراکیب۔

تھائی چکن کڑاہی

اجزاء:چکن ایک کلو،ٹماٹر آدھا کلو، ہری مرچیں پندرہ سے بیس عدد، سُرخ مرچ پاؤڈر دو کھانے کے چمچ، دھنیا پاؤڈر دو کھانے کے چمچ، ہلدی پاؤڈر دو چائے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل۔

ترکیب:سب سے پہلے ہلکی آنچ پر تیل گرم کریں۔ اس کے بعد چکن ڈال کر پتیلی میں پھیلا دیں۔ اس کے بعد سُرخ مرچ، سوکھا دھنیا، نمک اور ہلدی ڈال کے اوپر کٹے ہوئے ٹماٹر اور کٹی ہوئی مرچیں بھی ڈال دیں ۔درمیانی آنچ پر پکنے دیں۔ جب چکن گل جائے، تو آنچ تیز کر کے پانی خشک کرلیں۔ تیل اوپر آنے لگے، تو چولھا بند کردیں۔ لیجیے، تھائی چکن کڑاہی تیار ہے۔ گرم گرم نان کے ساتھ سرو کریں۔

تھائی رائس

اجزاء:چکن(بون لیس)آدھا کلو،لال مرچ(کٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ،سویا سوس ایک کھانے کا چمچ، ٹماٹر(باریک کاٹ لیں) دو عدد، ٹماٹو کیچپ دو چائے کے چمچ، ہری پیاز(باریک کاٹ لیں) ایک عدد، شملہ مرچ (لمبائی میں کاٹ لیں) ایک عدد، مایونیز دو چائے کے چمچ، فرینچ فرائیز حسبِ ضرورت، نمک حسب ذائقہ، چلی سوس ایک کھانے کا چمچ، کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، لہسن(پِسا ہوا) ایک چائے کا چمچ، گاجر (لمبے سلائس کاٹ لیں) ایک عدد، بند گوبھی (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، چاول (اُبلے ہوئے) دو کپ، کریم چار چائے کےچمچ، انڈے(اُبلے ہوئے) تین عدد اور اسپیگٹیز (اُبال لیں)ایک پیکٹ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں تیل گرم کریں اور اس میں چکن ڈال کر تھوڑی دیر بھونیں۔ اب اس میں نمک، لہسن، سُرخ مرچ اور ٹماٹر شامل کرکے پکائیں۔ جب ٹماٹر کا پانی خشک ہو جائے، تو کالی مرچ، سویا سوس، چلی سوس اور ٹماٹو کیچپ ڈال کر بھونیں اور اس کو علیحٰدہ رکھ لیں۔ ایک الگ پین میں تھوڑے سے تیل میں تمام سبزیاں فرائی کرکے الگ رکھ لیں۔مایونیز اور کریم اچھی طرح مکس کرلیں اور انڈوں کو گول سلائسز میں کاٹ لیں۔ اب سب سے پہلے ایک بڑی ڈش میں چاول بچھائیں، پھر اس کے اوپر چکن کا سالن ڈالیں۔ پھر سبزیوں کی تہہ لگائیں۔ اس کے بعد اسپیگیٹیز اور فرینچ فرائز سیٹ کریں۔اس طرح تہہ بہ تہہ بچھاتی جائیں۔ آخر میں انڈوںکے سلائس سجائیں۔ مزےدار تھائی رائس تیار ہیں۔

تھائی سلاد

اجزاء:پپیتا(درمیانے سائز کا)ایک عدد ،جھینگا پاؤڈرایک چوتھائی کپ، لہسن پیسٹ ایک چائے کا چمچ، فش سوس چار کھانے کے چمچ، چینی ایک چائے کا چمچ، سوئیٹ چلی سوس دو چائے کے چمچ، ہری پیاز ایک عدد،کھیرا(سلائس کاٹ لیں)ایک عدد، لیموں کا رس چار کھانے کے چمچ اور سلاد کے پتے۔

ترکیب:پپیتے کو چھیل کر بیج الگ کرکے کیوبز میں کاٹ لیں۔ ایک پیالے میں جھینگا پاؤڈر، لہسن کا پیسٹ، فش سوس(صرف دو چمچ) اور تھوڑا سا لیموں کا رس مکس کرکے پیسٹ بنالیں۔ اب تیار شدہ پیسٹ کو پپیتے کے کیوبز کے اوپر ڈالیں۔ پھر چینی، سوئیٹ چلی سوس، بقیہ چلی سوس اور لیموں کا رس شامل کر کے چمچ کی مدد سے مکس کریں۔ سلاد پلیٹر میں پہلے سلاد کے پتے بچھا کر اوپر پپیتے کے کیوبز والا آمیزہ،پھر کھیرے اور ہری پیاز سے گارنیشنگ کرلیں۔

(ذکیہ یونس، ڈگری)

تازہ ترین
تازہ ترین