• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان بارڈر پرباڑ لگنے سےقانونی تجارت بڑھے گی،علاؤالدین مری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ افغانستان بارڈر پر باڑ لگ جانےسے نہ صرف اسمگلنگ ختم ہو گی، بارڈر محفوظ ہوگا بلکہ قانونی تجارت بڑھے گی اور ملک کو ریونیو ملے گا، افغانستان اور سینٹرل ایشیا کی مارکیٹیں ہمارے لئے بہتر ثابت ہوسکتی ہیں، کچلاگ کے قریب بوستان صنعتی زون کا افتتاح آئندہ ہفتے ہو گا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجروں سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر فیڈریشن کے صدر غضنفر بلور، سینئرنائب صدرمظہراے ناصر،نائب صدرطارق حلیم، سابق نائب صدورحنیف گوہر، انجینئر دارو خان، فیصل دشتی،مریم چوہدری،مسٹر چین باؤژینگ،شوکت پوپلزئی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا کہ گوادر ایک بہترین بزنس حب ہے، بلوچستان کے خزانے کی چابی بزنس کمیونٹی کے پاس ہے، بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، ہم نے کوئٹہ چیمبر کو ایکسپو سینٹر کے قیام کیلئے 35 ایکڑ زمین دی ہے، ایف پی سی سی آئی کو بھی زمین دیں گے کیونکہ ملک کی اکانومی میں بزنس کمیونٹی کا بہت بڑا کردار ہے۔ تاجروں کی جانب سے گوادر میں زمین کے سوال پر نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہاں صنعتوں کے قیام کیلئے جو زمینیں دی گئی ہیں وہاں فوراً انڈسٹری قائم کی جائے ورنہ ان زمینوں کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال تبدیل نہیں ہوئی، اسکول ،کالجز اورہسپتال کی صورتحال ابتر ہے، بلوچستان میںگوادر ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے اہم ہے،بلوچستان کے لوگ غریب لیکن وہاں کی زمین اور سمندر غریب نہیں ہیں، ایف ڈبلیو او اور چائینیز کے ساتھ دو پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں، ایک پروجیکٹ کول پاور پراجیکٹ کا ہے جو چائنہ کے تعاون سے جاری ہے، میں بیج ڈال دوں گا اب آگے کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ صاف شفاف الیکشن کرانے میں الیکشن کمیشن کی مدد کروں۔ فیڈریشن کے صدر غضنفر بلور اور سینئرنائب صدرمظہراے ناصرنے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے اور اگر ان وسائل کا درست استعمال کیا جائے تو بلوچستان میں بے پناہ ترقی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ گوادر میں فیڈریشن چیمبر کا آفس قائم کیا جائے گا جس کیلئے ہمیں چائنا نے ایک ایکڑ زمین دی ہے اور اس زمین پر فیڈریشن کی بلڈنگ تعمیر کریں گے، بلوچستان حکومت بھی ایف پی سی سی آئی کے ساتھ تعاون کرے۔ نائب صدر طارق حلیم نے کہا کہ گوادر میں شپنگ سیکٹر کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے حکومت بلوچستان مدد کرے۔ انجینئرداروخان نے کہا کہ بلوچستان کا بورڈ آف انویسٹمنٹ نجی شعبے کے حوالے کیا جائے۔ مریم چوہدری نے کہا کہ چمن میں افغان اور ایران بارڈر پر بھی واہگہ بارڈر کی طرز پر پرچم لہرانے کی تقریب منعقد کی جائے تاکہ وہاں سیاحت کو فروغ مل سکے۔
تازہ ترین