اسلام آباد(بلال عباسی، خصوصی رپورٹ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی منحرف رکن عائشہ گلالئی کےکل اثاثوں کی مالیت 19 لاکھ روپے ہے، عائشہ گلالئی کی ملکیت میں 15 لاکھ کی مالیت کا 8 کنال کا پلاٹ ،بینک اکائونٹ میں 3 لاکھ روپے، 10 ہزار روپےکیش اور 90 ہزار روپے کی مالیت کے ڈیڑھ تولے سونے کے زیورات ہیں جبکہ عائشہ گلا لئی نے نہ توکوئی ٹیکس ادا کیاہے اور نا ہی ان کی ملکیت میں کوئی گاڑی ہے۔متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوارمیاں محمد اسلم 86 کروڑ 97 لاکھ روپے کی مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔انہوں نے 2017 میں پولٹری کے کاروبار سے 2 کروڑ 43 لاکھ، 2016 میں 1 کروڑ 80لاکھ اور 2015 میں 4 کروڑ 95 لاکھ روپے بطور تنخواہ وصول کیے، جبکہ سال 2017 میں 53 لاکھ، سال 2016 میں 42 لاکھ اور سال 2015 میں ایک کروڑ 58 لاکھ روپے ٹیکس ادا کیا۔میاں محمد اسلم کے بینک اکائونٹ میں 3 کروڑ 12 لاکھ روپے ہیں،ان کی ملکیت میں 15 لاکھ کا فرنیچر ، ایف 8 میں ایک کروڑ 84 کی مالیت اورایف 6 میں 8 کروڑ 82 لاکھ روپے کی مالیت کا گھر ہے جبکہ پولٹری کے کاروبار میں 40کروڑ 36 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے نامزد امیدوارڈاکٹر محمد امجد 57کروڑ 2لاکھ روپے کی مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں اور ایک سال میں ان کے اثاثوں کی مالیت میں 15 کرور 50 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے،ڈاکٹر محمد امجد 784 کنال کی زرعی زمین کے مالک ہیں ، 3 کروڑ 46 لاکھ روپے ان کے بینک اکائونٹ میں اور 45 لاکھ روپے کیش موجود ہے۔ ڈاکٹر محمد امجد کی ملکیت میں 35 لاکھ کی مرسڈیز گاڑی اور 50 لاکھ کی لینڈ کروزر گاڑی، 4 کروڑ 44 لاکھ روپے کی مالیت کے شئیرز ، 26 کروڑ 21 لاکھ روپے کا پاکستان میں کاروبار، 12 کروڑ 17 لاکھ روپے مالیت کی پاکستان میں جائیدادیں اور 11 کروڑ 14 لاکھ روپے کی مالیت کا دبئی میں فلیٹ ہے۔ ڈاکٹر محمد امجد نے اپنے کاروبار سے 2017 میں 2 کروڑ 48 لاکھ روپے، 2016 میں 3 کروڑ 6 لاکھ روپے اور 2015 میں 2 کروڑ 99 لاکھ روپے کا منافع ہوا جبکہ سال 2017 میں 19 لاکھ، سال 2016 میں 60 لاکھ اور سال 2015 میں 56 لاکھ روپے ٹیکس ادا کیا۔ حلقہ این اے 54 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدواراسد عمر 62 کروڑ 93 لاکھ روپے کی مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کی ملکیت میں 12 کروڑ 40 لاکھ کی مالیت کی مختلف جائیداد یں، 3کروڑ 32 لاکھ کی مالیت کے شئیرز، 29 کروڑ26 لاکھ کی مالیت کے سرٹیفیکیٹ ، 85 لاکھ روپے کی مالیت کی 4 گاڑیاں ، 26 لاکھ کی مالیت کے زیورات ،32 لاکھ روپے کیش اور مختلف بینک اکائونٹس میں 13 کروڑ 27 لاکھ روپے موجود ہیں۔ حلقہ این اے 54 سےپاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوارانجم عقیل خان 57 کروڑ 29 لاکھ روپے کی مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔