کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کو جمعرات کو ارجنٹائن کا چیلنج درپیش ہوگا، ٹور نامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم اپنی ہار کی ہیٹ ٹرک مکمل کرچکی ہے۔ پہلے میچ میں بھارت ، دوسرے میں آسٹریلیا اور تیسرے میں میزبان ہالینڈ نے اسے4-0 سے شکست دی۔ دریں اثنا سابق ہاکی اولمپئینز نے چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کار کردگی پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ سابق کپتان سمیع اللہ نے کہا کہ ٹیم کی تینوں میچوں میں پر فار منس حد درجہ خراب رہی۔ سابق کپتان حنیف خان نے کہا کہ بڑے ایونٹ کے لئے درست ٹیم کا انتخاب نہیں کیا گیا ۔سابق کوچ دانش کلیم نے کہا کہ فیڈریشن اب اپنا ہدف ایشین گیمز بنالے گی۔ فیڈریشن میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔