پیٹرابرا (خالد محمود جونوی)پیٹرابرا میں بھی سابق وزیراعظم پاکستان بے نظیر بھٹو کی 65ویں سالگرہ انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ مقامی کمیونٹی سنٹر میں چوہدری مقبول حسین صدر برانچ کی صدارت میں ہونے والی تقریب سے سینئر پارٹی رہنما چوہدری عبدالعزیز سیکرٹری جنرل چوہدری ارشد محمود، سینئر نائب صدر چوہدری عنایت میراں، وسیم نائب طارق محمود اور ظفراقبال کے علاوہ متعدد دوسرے رہنمائوں و کارکنوں نے بے نظیر بھٹو کی شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ چوہدری عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ قدرت نے بے نظیر کی ذات میں بے شمار خوبیاں اور قائدانہ صلاحتیں پیدا کررکھیں تھیں۔ انہوں نے بڑے نامساعد حالات کے باوجود مردوں کی برتری کے معاشرے میں اپنی ان صلاحیتوں کا لوہا منوایا جن کا ان کے سیاسی حریف بھی اعتراف کرتے ہیں۔ عام جماعتوں میں کارکن قربانیاں دیتے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی واحد ایسی سیاسی جماعت ہے جس میں لیڈرشپ نے جمہوریت کی بقا اور استحکام کیلئے خود قربانیاں دیں آج بھی تمام تر پروپیگنڈے کے باوجود کسی بھی سیاسی سوجھ بوجھ رکھنے والے شخص کیلئے پیپلزپارٹی کا کارکن ہونا باعث فخر و اعزاز کی بات ہے کیونکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ سیاست کو فروغ دیا۔ صدر برانچ چوہدری مقبول حسین نے کہا کہ آج ہم شہید رانی کی سالگرہ اس عزم مصمم کے ساتھ منا رہے ہیں کہ محترمہ کے جمہوریت تک پہنچنے کے اہداف تک ہم میں سے کوئی بھی کارکن چین سے نہیں بیٹھے گا۔ محترمہ اور پیٹربرا کے کارکنوں کے درمیان ہمیشہ بڑی قربت رہی۔ بینظیر بھٹو جلاوطنی ختم کرکے وطن جانے سے پہلے اظہارتشکر کیلئے خود اس شہر میں تشریف لائیں اور ان کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی جنہوں نے جمہوریت کی آبیاری کیلئے کوششیںکیں۔ سیکرٹری جنرل چوہدری ارشد محمود نے کہا کہ وطن عزیز کو آج ایک بہترین قیادت کی ضرورت ہے۔ نواز شریف مکافات عمل کا شکار ہیں۔ سالگرہ کے حوالے سے ایک کیک بھی کاٹا گیا اور بلاول بھٹو کے سیاسی عروج کیلئے دعا بھی مانگی گئی، تلاوت و نظامت ارشد محمود نے کی۔