سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن صاف اور شفاف ہونے چاہئیں اگر انگلیاں اٹھیں تو ملک کے لئے خطرناک ہوگا،2018الیکشن فیصلہ کرے گا کہ ہمیں کس طرف جانا ہے۔ وہ روہڑی کے نزدیک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہم سے بڑا کوئی قوم پرست نہیں، ہم پاکستانی قوم پرست ہیں، یہ وطن ہمارا ہے کسی اور کا نہیں، یہ سبز ہلالی پرچم ہماری پہچان ہے، پیپلزپارٹی نے صوبوں کو اختیارات دیئے جو 70میں نہیں ملے، وہ اختیارات 70میں ملتے تو بنگلادیش الگ نہ ہوتا، آج بنگلادیش پاکستان کا حصہ ہوتا، انہوں نے کہا کہ مزدوروں اور کسانوں کو حقوق دیئے جائیں گے یہ ہمارا منشور ہے، اس سے پہلے جو منشور دیا اس پر بھی عمل کر کے دکھایا، بلاول بھٹو زرداری نے جو اب منشور دیا ہے اسے بھی مکمل کرکے دکھائیں گے۔