• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آکسفورڈ یونیورسٹی . . .

دنیاکی سرفہرست یونیورسٹیوں میں آکسفورڈ پہلے یا دوسرے نمبر پر موجود رہی ہے اور دروجہ بندی کے اتار چڑھائو میں ہمیشہ ٹاپ 10 میں سے ایک رہتی ہے۔

آکسفورڈ دریائے آکس کے کنارے، انگلستان کا ایک شہر ہے۔ اس کے معنی (دریائے آکس کا گھاٹ) کے ہیں۔ اس جگہ انگلستان کا مشہور اور قدیم دار العلوم واقع ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی کب وجو د میں آئی اس کی کوئی حتمی تاریخ تو موجود نہیں تاہم اس کی بنیاد قدیم زمانے میں رکھی گئی تھی۔ لیکن منظم تدریس کا آغاز 1133ء سے ہوا جب پیرس کے رابرٹ پولین نے یہاں تدریس کا سلسلہ شروع کیا۔ 

اس نے 1163ء میں یونیورسٹی کی صورت اختیار کی۔ اس میں 38کالجز ہیںاوران کی اقامت گاہیں ہیں۔ لیکن تدریس تمام کالجوں کے مشترکہ لیکچرز کی صورت میں ہوتی ہے۔ اورکالجزکے ٹیوٹر اپنی اپنی اقامت گاہوں پر بھی تعلیمی رہنمائی کرتے ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کی شہرہ آفاق بوڈیلین لائبریری دنیا بھر کی سب سے بڑی لائبریری ہے۔ اس کی مزید توسیع 1946ء میں جدید بوڈیلین لائبریری کی شکل میں ہوئی۔

آکسفورڈ یونیورسٹی اور کیمبرج کے دروازے 1854ء تک ان لوگوں کے لیے بند تھے جو پروٹسٹنٹ مذہب یعنی چرچ آف انگلینڈ کے 39 اصولوں پر ایمان نہ لاتے ہوں۔ 1871ء تک ان دونوں یونیورسٹیوں میں کسی ایسے شخص کو کسی قسم کا امتیاز یا وظیفہ تعلیم بھی نہیں مل سکتا تھا۔

بادشاہ ہنری دوئم نے 1167 میں انگلستان کے طلبہ کی پیرس یونیورسٹی میں داخلہ پر پابندی لگائی تھی۔ اس پابندی کی بناء پر آکسفورڈ یونیورسٹی میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

1875ء میں لڑکیوں کو انڈرگریجویٹ سطح پر امتحانا ت دینے کی اجازت تھی اس کے بھی کوئی قواعد نہیں تھے۔ 7 اکتو بر 1920ء کو اس درسگاہ میں لڑکیوں کو مکمل طور پر داخلہ لینےکی اجازت اور ڈگری حاصل کرنے کا حق ملا۔ جاسوسی ناول لکھنے والی ڈورتھی ایل سیئرز پہلی خواتین میں سے تھیں جنہوں نے آکسفورڈ سے اکیڈمک ڈگری حاصل کی ۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی لائبریری انگلستان کی دوسری بڑی لائبریری ہے۔ اس یونیورسٹی کا پریس دنیا کا سب سے بڑا اشاعتی ادارہ ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی میں قائم ہونے والا میوزیم آج بھی نوجوانوں کے لیے انتہائی پرکشش ہے۔ برطانیہ کے27 وزرائے اعظم نے آکسفورڈمیں داخلہ لیا جن میں مارگریٹ تھیچر، ٹونی بلیئر ، ڈیویڈ کیمرون اور موجودہ پرائم منسٹر تھریسا مے شامل ہیں  ۔پاکستان کے سابق وزرائے اعظم میں لیاقت علی خان، حسین شہید سہروردی، سر فیروز خان نون، ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی بیٹی بے نظیر بھٹو نے بھی آکسفورڈ سے تعلیم حاصل کی تھی۔ اس کےعلاوہ بھارت کے وزرائے اعظم میںمن موہن سنگھ اور اندرا گاندھی نے بھی آکسفورڈ سے پڑھا تاہم اندرا گاندھی اپنی ڈگری مکمل نہ کرسکی تھیں۔سابق امریکی صدر بل کلنٹن بھی آکسفورڈ سے علم کی پیاس بجھا چکے ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی نے میانمار میں روہنگیا بحران میں ملک کی رہنما آنگ سانگ سوچی کے کردار کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی تصویر اپنے کالج سے نکال دی تھی جس کی وجہ یہ تھی کہ میانمار میں کشیدگی کے باعث چار لاکھ روہنگیا مسلمانوں کو ملک سے جان بچا کر بھاگنا پڑاتھا اور انھوں نے بنگلہ دیش میں پناہ لی تھی۔ اس بحران کو اقوام متحدہ نے نسل کشی قرار دیا ہے اور اس حوالے سے آنگ سانگ سوچی پر شدید تنقید کی جا رہی تھی۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے سینٹ ہیوز کالج نے ان کی تصویر اتار کر اس کی جگے ایک جاپانی پینٹگ لگائی تھی۔ یاد رہے کہ یونیورسٹی نے تصویر کو ہٹانے کی وجہ واضح نہیں کی تھی۔ یونیورسٹی کے کمیونیکیشن مینجر کا کہنا ہے کہ تصویر کو ایک محفوظ تر مقام پر رکھا گیا ہے۔روہنگیا مسلمانوں پر مظالم پر خاموشی اختیار کرنے پر آکسفورڈ کی سٹی کونسل نے آنگ سان سوچی سے فریڈم آف آکسفورڈ ایوارڈ واپس لینےکی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی تھی۔

میانمار میں ڈکٹیٹرشپ کے خلاف آزادی کی مہم چلانے پر آکسفورڈ کونسل نے 1997 میں آنگ سان سوچی کو فریڈم ایوارڈ سے نوازا تھا۔کونسل کے سربراہ بوب پرائس کا کہنا ہے کہ آنگ سانگ سوچی کی خدمات کا مزید اعتراف نہیں کیا جاسکتا اور ان کے خلاف اٹھایا جانے والا قدم مثالی ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی میں بھارتی اداکار شاہ رخ خان کو خطاب کے لیے مدعو کیا گیا جاچکا ہے ۔ شاہ رخ خان بین الاقوامی شہرت رکھتے ہیں اور اس سے پہلے بھی کئی اعزازات حاصل کرچکے ہیں، انہیں فرانسیسی حکومت کی طرف سے آرڈر آف دی آرٹس اینڈ لٹریچر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔انہیں یونیورسٹی آف بریڈ فورڈ یونیورسٹی میں اعزازی ڈاکٹریٹ،yale یونیورسٹی میں فیلو شپ سے جب کہ یونیورسٹی آف ایڈن برگ میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیاتھا۔

پروفیسر لوئزے رچرڈسن وہ پہلی خاتون تھیں جوآکسفورڈ یونیورسٹی کی785 سالہ تاریخ میں پہلی بار وائس چانسلر مقرر ہو ئی تھیں۔لوئزے ہارورڈ یونیورسٹی میں استاداورا سکاٹ لینڈ یونیورسٹی کی وائس چانسلر بھی رہ چکی ہیں۔

تازہ ترین