ملک میں بڑھتےوبائی امراض کے پیش نظر ادویات کو درپیش مسائل ، اسپتالوں میں موجود ہائی ٹیک مشینری کی دیکھ بھال اور ٹیکنالوجی سسٹم کے درست انجام دہی کا فریضہ’’ بائیو میڈیکل انجینئر ،،کے سپرد ہوتا ہے۔بائیو میڈیکل انجینئر صحت کے شعبے کا وہ فعال رکن ہے جس کے بغیریہ مکمل نہیں ۔۔
دنیا کی تمام تر ترقی اور گہما گہمی ، جس کی بدولت آج زندگی نہایت آسان ہے۔اس کا کریڈٹ انجینئرنگ کے شعبے کو ہی جاتا ہے اور اگر بات کی جائے بائیو میڈیکل انجینئرنگ کی تعلیم کی تو یہ شعبہ ،،انجینئرنگ کے متعلقہ پیشوں میں سے ہی ایک ابھرتاہوا اوردلچسپ شعبہ ہے ۔جو حیاتیات اور انسانی زندگی کے معیار میں بہتری لانے کی غرض سے طب میں تکنیکی علم کےمجموعہ کے طور پر متعارف کروایا گیا۔ اس شعبے میں دو اہم شعبوں’’ میڈیکل اور انجینئرنگ،، کو یکجا کیا گیا اور طب کی بہتری کے لیے انجینئرنگ کے اصولوں اور تراکیب کا مطالعہ، تحقیق ، ترقی ، اوراس کے استعمال پر وضاحت کی گئی ۔
اگر آپ بھی انسانی زندگیوں کی دیکھ بھال اور مشینری سسٹم میں دلچسپی رکھتے ہیں تو یہ پیشہ آپ کے لیے ہی ہے ۔لیکن اس شعبے کو آپ کیسے اپنا سکتے ہیں اور پاکستان یا بیرون ملک اس شعبے کی اہمیت کیا ہے۔ آئیے ڈال لیتے ہیںاس پر اک نظر ۔۔
داخلے کی اہلیت اور معیار
اس شعبے کا انتخاب کرنے کے لیے سب سے پہلے تواپنے فطری رجحان اور دلچسپیوں کو پیش نظر رکھیں ساتھ ہی بائیو میڈیکل انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ انجینئرنگ کے مختلف شعبوں کے مستقبل کی صورتِ حال کا اندازہ بھی۔
اس جائزہ کے بعد اگر آپ بائیو میڈیکل انجینئربننا چاہتے ہیںتو ایک طریقہ یہ ہے کہ FSC یعنی اگر آپ نے پری میڈیکل یا پری انجینئرنگ کے شعبےمیںانٹرمیڈیٹ کی سند60% حاصل کررکھی ہے تو آپ بائیو میڈیکل پروگرام میں داخلہ لے سکتے ہیں ۔ہمارے یہاں بائیو میڈیکل انجینئرنگ پروگرام 4سالہ بیچلر ڈگری (بی ایس سی یا بی ای ) کے طور پر کروایا جاتا ہے۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ(پری انجینئرنگ) کے بعد الیکٹریکل انجینئرنگ کی ذیلی شاخوں کمپیوٹر انجینئرنگ ، الیکٹرانکس انجینئرنگ ، میکینکل انجینئرنگ یا کیمیکل انجینئرنگ کر لیں اور بائیو میڈیکل میں ایم ایس یا پوسٹ گریجویٹ کورس کرنے کے بعد بطور بائیو میڈیکل انجینئر اپنے کیریئر کا آغاز کریں۔دنیا کے کئی ممالک میں MBBSکی ڈگری لینے کے بعد بھی طلبہ وطالبات بائیو میڈیکل انجینئرنگ کو ماسٹرز ڈگری کے لئے منتخب کرسکتے ہیں۔
بطور بائیو میڈیکل انجینئر
اگرآپ بائیو میڈیکل انجینئرنگ میں بی ایس سی ،بی ای یا ایم ایس کرنے کے بعد بطور بائیو میڈیکل انجینئر اپنے کیریئر کا آغاز کرچکے ہیں تو طب میں استعمال ہونے والی مشینری اور ہائی ٹیک سسٹم کی درست فعالیت ،مختلف آلات اور ان کاحساس آپریشن ،درست ڈیٹاکا حصول اور اس کی حفاظت آپ کے فرائض میں شامل ہے۔بطور بائیو میڈیکل انجینئر مختلف آلات اور سافٹ ویئر ڈیزائن کرنے کے علاوہ وسیع رینج میں تکنیکی ذرائع سے حصول علم اور تحقیق آپ کی ذمہ داری ہے۔ طبی مسائل کے حل ،خصوصاً ڈاکٹر اور مریض کو سہولتیں پہنچانے کے لیے آپریشن تھیٹر کے تمام آلات ، سی ٹی سکین ، الٹراساونڈ اور ایکس رے مشین اور دیگر خودکار مشینیں چلانا اور کنٹرول کرنا شامل ہے ۔یہی نہیں بائیو میڈیکل انجینئرز کسی حادثے یا بیماری میںجسمانی اعضاءکھودینے والے افراد کے لیے آرٹیفیشل اعضاءروبوٹ ہاتھ ،روبوٹ پاؤں، انگلیاں اور دوسرے مصنوعی اعضاء کی تیاری کا کام بھی سرانجام دیتے ہیں ۔
بائیو میڈیکل انجینئر کے لیے کیریئر کے مواقع
بائیو اور میڈیکل کی تحقیق میں مصروف اداروں کو بائیو میڈیکل انجینئرز کی شدید ضرورت ہوتی ہےاگر آپ کے پاس بائیومیڈیکل انجینئر کی ڈگری ہے تومیڈیکل ایکوپمنٹ مینوفیکچرنگ فرم،سیلولر ٹشوز اینڈجینیٹک انڈسٹری،بائیو مٹیریل انڈسٹری،آرتھوپیڈک انڈسٹری،اسپتال بائیو میکانکس آپ کے جاب مارکیٹ کے طور پر موجود ہیں ۔ عالمی صنعتوں ، مینوفیکچرنگ یونٹس ، صنعتی فرموں ، تعلیمی اور طبی اداروں ،حکومتی ریگولیٹری ایجنسیوں کی وسیع رینج میں کام کرسکتے ہیں ۔اس کے علاوہ سرکاری عہدوں پرکام کرتے ہوئے مختلف آلات اور مراکز میں حفاظتی معیار کاتعین کرنابھی کرسکتے ہیں ۔
پاکستان میں بائیو میڈیکل انجینئرز کی قلت
پاکستان میں بائیو میڈیکل انجینئر ز کی قلت پائی جاتی ہے اس کا ایک سبب اس شعبے میں کام کرنے والےافراد کی کم تنخواہیں اور ان کے بنیادی حقوق سے حکومت کی بے اعتنائی شامل ہے۔ اور یہ قلت سرکاری اسپتالوں کی صورتحال میں مزید خرابی کا سبب بن سکتی ہے۔بائیو میڈیکل انجینئر کی شدید قلت کے باعث سرکاری اسپتالوں میں موجودکروڑوں روپے کی درآمد کی گئی مشینری(مثلاوینٹی لیٹرز، انجیوگرافی، ایم آر آئی، سی ٹی سکین، ایکو کارڈیک گرافی، کارڈیک مونیٹرز، ای سی جی ) خراب ہوکر سکریپ کا ڈھیر بن جاتی ہے کیونکہ انھیں کوئی ٹھیک کروانے والا نہیں ہوتا۔ اس لیے اگر آپ کے پاس بائیو کیمیکل کی ڈگری ہے تو آپ بطور پاکستانی بائیو میڈیکل انجینئر ڈیمانڈنگ پرسنالٹی ہیں ۔
بائیوکیمیکل انجینئرنگ میں پڑھائے جانے والے مضامین
بائیو میڈیکل انجینئرنگ میں میکینکل انجینئرنگ ،الیکٹرانکس انجینئرنگ ، مواصلات اورکمپیوٹر انجینئرنگ، کمپیوٹر انٹیگریٹڈ ، مینو فیکچرنگ ، جغرافیائی معلومات کے نظام ، بائیو ٹیکنالوجی ، بائیو میکانکس جیسےمضامین پڑھائے جاتے ہیں۔اس منفرد شعبے میں بائیو انسٹر،منٹیشن ، بائیو میٹریل ، بائیو میکانکس ، میڈیکل گرافکس ،جینیٹکس انجینئرنگ ، آرتھوپیڈک سرجری ، سیلولر اور ٹشو انجینئرنگ شامل ہیں۔