ٹیکسلا (محمد رمضان اعوان) قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 63 تحصیل ٹیکسلا کی 8 یونین کونسل اور تحصیل راولپنڈی کی 3 یونین کونسل بجنیال، رنیال اور اڈیالہ پر مشتمل ہے۔ یہاں کل ووٹرز کی تعداد 3لاکھ 70ہزار 9سو اڑتیس 378938 ہے۔ جن میں مرد ووٹرز 195223 اور خواتین ووٹرز 175715 ہے۔ کل پولنگ اسٹیشن کی تعداد 711 ہے۔ جن میں 372 مردانہ 339 زنانہ پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں اور تمام پولنگ بوتھز پر سیکورٹی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں۔ یوں تو حلقہ این اے 63 میں درجنوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں لیکن اصل مقابلہ دو پرانے حریفوں غلام سرور خان اور چوہدری نثار علی خان کے درمیان ہوگا۔ تاہم مسلم لیگ(ن) سردار ممتاز خان کو میدان میں اتارکر سرور خان کے لئے آسانی اور چوہدری نثار کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ 2018ء کا الیکشن اس مرتبہ عجیب قسم کا ہوگا۔ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کسی بھی بڑے برج کو الٹ سکتے ہیں۔ دونوں سیاسی حریف این اے 63 اور این اے 59 سے بھی ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔ ٹیکسلا/ واہ کینٹ شہر کی کشمیری برادری دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔ یہاں گجر برادری اور کشمیری برادری کے ایک لاکھ سےزائد ووٹ ہیں۔ تاہم واہ کینٹ ٹیکسلا میں موجود رانگھڑ راجپوت برادری کے 310 گھرانوں کے 2700 ووٹ بھی کسی بھی امیدوار کی ہار جیت میں اہم کردار ادا کریں گے اور اصل نتیجہ 2018ء 25جولائی کی رات کو عوام کے سامنے آجائے گا۔