سکھر (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2018کے لئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں پاک فوج اور پولیس افسران کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ڈپٹی کمشنر سکھر کے دفترمیں ہوا، جس میں ایس ایس پی سکھر شیراز نذیر عباسی سمیت پاک فوج، رینجرز کے افسران اور قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کا پابند بنایا گیا اور انہیں آگاہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن مہم کے دوران ضابطہ اخلاق اور نافذ قوانین کے دائرے میں تمام امیدواروں کو اپنی سیاسی مہم چلانے کی اجازت ہے، الیکشن کمیشن سے جاری کردہ ایس اوپی کے تحت تمام امیدواروں کو عملدرآمد کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سکھر کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کو درپیش مسائل بھی معلوم کئے گئے اور ان کے جائز مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر واضح کیا گیا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی ہر صورت میں پاسداری کو یقینی بنائیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔