سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ میں 34سالہ رفاقت کا حجاب رکھ رہا ہوں،نوازشریف بھی بات کرتے ہوئے حجاب کریں،ورنہ بات بہت دور تک جائےگی۔
اپنے حلقہ انتخاب میں جلسہ عام سے خطاب میں چوہدری نثار نے کہا کہ میرا مقابلہ عام ایم این اے یا وزیر سے نہ کریں ،میرے حلقے کا موازنہ عمران خان، آصف زرداری کے حلقوں سے کریں ۔
ان کا کہناتھاکہ میرے دل میں کھوٹ نہیں،میرا دل صاف شفاف ہے،میں آپ کا نمائندہ ہوں کسی کی خوشامد نہیں کی ،ایک اختلاف پر وزارت سے استعفیٰ دیدیا ۔
چوہدری نثار نے یہ بھی کہا کہ میں نے میاں نواز شریف کو مشورہ دیاکہ مشکل کا وقت ہے اس مشکل میں اضافہ نہ کریں،مجھے فوج سے تمغہ نہیں لینا ، میں نے نواز شریف کی بہتری کے لیے مشورے دئیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے کہتے ہیں ٹکٹ کے لیے درخواست دو، میں نے ساری زندگی درخواست نہیں دی،میں تھوک کر چاٹتا نہیں ۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یہ سارے کہتے ہیں چوہدری نثار کا فوج سے تعلق ہے،میرے خاندان میں فوجی ہیں،میں نے نواز شریف سے بہت وفاداری نبھائی ،میری زندگی کا مقصد نوازشریف تھا ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور خاقان عباسی نے بھی نواز شریف کو ایسے بیانات دینے سے منع کیا، پھر میری بات کیوں بری لگی ۔
چوہدری نثار کا کہناتھاکہ اب نشان مل گیا ہے جیپ پر چڑھ جاؤ ،جیپ کو اوور لوڈ کرو،جیپ کو پیٹرول کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی، آپ دھکے مار کر ہی آگے لے جائیں گے۔