ملتان(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نواز شریف کی تینوں شرائط مسترد کرتی ہے،نواز شریف شفاف الیکشن میں رکاوٹ بن رہےہیں،اداروں کیخلاف بیان بازی بندکریں،نواز شریف کا پہلا مطالبہ کہ فوج کو پولنگ سٹیشنوں پر تعینات نہ کیا جائے۔فوج کوالیکشن کمیشن کی ریکوزیشن پرالیکشن ڈیوٹی کیلئے طلب کیا گیا ہے اور فوج اپنا آئینی کردار ادا کررہی ہے،فوج کے بغیر شفاف انتخابات منعقد نہیں ہو سکتے۔ نواز شریف کا دوسرا مطالبہ نا اہل سیاستدانو ں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا نا اہل لوگوں کو کسی قانون کے تحت نا اہل کیا گیاہے۔نا اہل لوگوں کو الیکشن لڑنےکی اجازت عدالتی احکامات کی نفی ہے ۔ نواز شریف کا تیسرا مطالبہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو ہٹایا جائےپرکہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ایک دانشور اور اعلیٰ تعلیم یافتہ انسان ہیں ان کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں وہ غیر جانبدار ہیں اور وہ شفاف انتخابات کروانے کی اہلیت رکھتے ہیں ایسی شخصیت کو نہیں ہٹایا جاسکتا۔ ہم ان تینوں شرائط کو مسترد کرتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز ن لیگ کےسابق ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن ملتان نعیم انصاری کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر پریس کانفرنس کررہےتھے۔