• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی شدہ شخص نے پرپوزل ٹھکرائے جانے پر خاتون کو جھیل میں ڈبو کر قتل کر دیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک شادی شدہ شخص نے پرپوزل ٹھکرانے پر خاتون کو کار سمیت جھیل میں دھکیل دیا جس کے نتیجے میں خاتون کی موت واقع ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جہاں ڈوب کر ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت 32 سالہ شویتا کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ملزم روی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ شویتا اور روی کئی سال قبل ایک ہی دفتر میں ملازمت کے دوران ملے تھے، شویتا نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر رکھی تھی اور اپنے والدین کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔

دوسری جانب شادی شدہ روی گزشتہ چند ماہ سے شویتا پر پرپوزل قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا اور اسے یقین دلا رہا تھا کہ وہ شویتا کے ہاں کہنے پر اپنی بیوی کو چھوڑ دے گا تاہم شویتا نے روی کے رشتے کی پیشکش کو ٹھکرا دیا۔

کرناٹک کی پولیس کے مطابق اسی انکار پر مشتعل ہو کر روی نے شویتا کو اپنی کار میں بٹھایا اور گاڑی کو سیدھا چندانہلی جھیل میں لے جا کر ڈبو دیا۔

واقعے کے بعد روی تیر کر جھیل سے باہر نکل آیا جبکہ کار ڈوب گئی اور شویتا اس کے اندر پھنس کر دم توڑ  گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر روی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ کار حادثاتی طور پر جھیل میں جا گری اور وہ بمشکل ہی اپنی جان بچا سکا، اسے افسوس ہے کہ وہ شویتا کو نہیں بچا سکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شویتا کے اہل خانہ کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس روی سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید