سینٹ پیٹرز برگ (نمائندہ خصوصی) سینٹ پیٹرزبرگ میں اوپن یورپین پروفیشنل کک باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد پاکستانی ٹیم وطن واپس لوٹ گئی۔ ٹیم نے ایک گولڈ اور چار سلور میڈل حاصل کئے۔ 63کلو گرام کی کیٹگری میں اٹھارہ سالہ محمد سہیل نے روسی حریف ہرا کر پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور کھلاڑی محمد اشفاق ، طاہر رحیم ، عطااللہ اور گل محمد نے سلور میڈلز حاصل کئے۔ پاکستان ٹیم کی کک باکسنگ چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی پر سینٹ پیٹرز برگ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیت آصف صدیقی نے تمام کھلاڑیوں کو تحائف دیئے۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ ٹیم کی شاندار کارکردگی پاکستانی کمیونٹی کیلئے اعزازکی بات ہے۔ سیکرٹری جنرل کک باکسنگ محمد اشفاق کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ شرکت کرنے کیلئے بہت سے مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ، حکومتی عدم دلچسپی کی وجہ سے کھلاڑی بھرپور تیاری نہ کر سکے ۔ حکومت سپوٹ کرے تو بڑے سے بڑا ٹائٹل پا کستان کے نام کر سکتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم نو کھلاڑیوں پر مشتمل تھی جس میں سمیع اللہ کاکڑ منیجر، عبدالجلیل اور غلام سرورکاکڑ ٹیم آفیشلز اور منصور درانی کوچ جبکہ کھلاڑیوں میں محمد اشفاق، گل محمد، محمد سہیل، عطاءاللہ اور طاہر رحیم شامل تھے۔