• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

25جولائی کا سورج مخالفین کی شکست پر تصدیق مہر لگادیگا، خورشید شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ25جولائی کا سورج مخالفین کی شکست پر تصدیق مہر لگادیگا، مخالفین کے اتحاد سے کوئی خطرہ نہیں،پیپلز پارٹی نے10سال میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، اسی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ لینے جارہے ہیں، سندھ حکومت نے اپنے دور اقتدار میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جن میں سے متعدد مکمل ہوچکے ہیں جبکہ صحت و تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بھی خطیر رقم مختص کی گئی جس کے ثمرات عوام تک منتقل ہورہے ہیں، ہمارے سیاسی مخالفین کے پاس کوئی عوامی منشور نہیں بلکہ وہ صرف پی پی مخالف سیاست کرکے اپنی دکان چمکارہے ہیں، 25جولائی کا سورج مخالفین کی شکست پر تصدیق کی مہر لگادیگا۔ گزشتہ روز سکھر کے نواحی علاقے صالح پٹ میں کارنر میٹنگ سے خطاب میںخورشید احمد شاہ نے کہاکہ مشکل کی گھڑی میں عوام سے دور رہنے والوں کو اب عوام کا دکھ درد محسوس ہورہا ہے، یہ سب اپنے مفادات کے لئے ایک جگہ جمع ہوئے ہیں، انہیں سندھ میں حکومت چاہیے، عوام کے مسائل سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں لیکن عوام ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی پیپلزپارٹی کے خلاف بننے والے اتحاد اور امیدواروں کو ناکام بنائیں گے،انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے دس سال کے دوران سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ، صحت و تعلیم ، کھیلوں کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، لوگوں کو گھر کے نزدیک علاج و معالجے کی سہولتیں دستیاب ہیں جبکہ اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے بھی عوام کے سامنے ہیں، پی پی کے نمائندے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت پر یقین رکھتے ہیں، زبانی و کلامی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت پہلے سے بھی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو اپنے خلاف بننے والے اتحاد سے کوئی خطرہ نہیں ہے، مخالفین سے گھبرانے والے نہیں، عوام کی طاقت سے مخالفین کامقابلہ کریں گے اور عوام اپنے ووٹ کے ذریعے سابق روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پیپلزپارٹی کے خلاف بننے والے اتحاد اور مخالفین کو ناکام بنائیں گے۔

تازہ ترین