لاہور(نمائندہ جنگ)مقامی عدالت میں نواز شریف، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خارجہ کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست خارج کر دی گئی۔ یہ درخواست ایڈیشنل سیشن جج فیاض احمد بٹر نے سول سوسائٹی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کی ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان دینا غداری کے زمرے میں آتا ہے جبکہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میاں نواز شریف کے بیان کی تائید کی تھی،سابق وزیر اعظم کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ضابطہ فوجداری کی دفعہ 124 اے کی خلاف ورزی ہے،نواز شریف، شہباز شریف سمیت دیگر کیخلاف تھانہ سول لائنز میں اندراج مقدمہ کی درخواست بھی دی گئی جبکہ اندراج مقدمہ کی درخواست کے باوجود نواز شریف سمیت دیگر کے خلاف غداری کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ نواز شریف، شاہد خاقان عباسی، شہباز شریف سمیت سابق کابینہ کے تمام وزراء کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے ۔ عدالتی فیصلے کے مطابق مقامی تھانے میں غداری کا مقدمہ درج کرنے کا کوئی تصور موجود نہیں ہے،نواز شریف، شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے اور اس بنا پر سیشن عدالت کسی پرائیویٹ شخصیت کی درخواست پر ایسی نوعیت کے الزامات پر کارروائی کی مجاز نہیں۔