کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے سابق رہنما اورکراچی سٹی الائنس کے سربراہ حبیب جان نے کہاہے کہ عمران خان عزیر بلوچ کے قصیدے پڑھنا چھوڑ دیں،عزیر بلوچ سے پہلے اویس مظفر ، شرجیل میمن اور ایان علی کی بات کرنی چاہیئے،پی ایس پی کے لوگوں کی طرح عزیر بلوچ کو معاف کیا جائے،میں بلاول کے خلاف نہیں زرداری کے خلاف الیکشن لڑ رہا ہوں، ان خیالات کا اظہارانہوں نے لیاری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حبیب جان نے کہاکہ بلاول بھٹو میری بہن کا بیٹا ہے بلاول اگر زرداری کو چھوڑ کر بھٹو کے نظریے پر آجائے تو میں دست بردار ہو جائونگا، لیاری کے عوام با شعور ہیں زرداری کی پارٹی کو ووٹ نہیں دیں گے، انہوں نے کہاکہ عمران خان صاحب عوامی مسائل پر بات کریں تو زیادہ بہتر ہوگا،عمران خان کہتے ہیں عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی لے آئو ، لیاری کے لوگ کراچی کا ریونیو بڑھانا چاہتے ہیں اگر لیاری نہ ہوتا تو کراچی نہ ہوتا، کراچی کو بہت نقصان پہنچایا گیا ، کرپشن کے معاملے میں پی ٹی آئی کو سپورٹ کرتا ہوں ،عارف علوی کہتے ہیں ٹکٹ کے لیے تین کروڑ دے دو، شکور شاد نے پیسے کہاں سے دیے کسی نے پوچھا تو بتا دوں گا،انہوں نے کہاکہ عزیر بلوچ نہ دہشت گرد تھا نہ کبھی ہوگا،عزیر بلوچ کو کسی نے کچھ کہا تو ہمارا ہاتھ ہوگا اور اسکا گریبان ہوگا، انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کو لیاری والوں سے معافی مانگنی چاہیے، الیکشن کے ماحول کو تلخ بنانا نہیں چاہتا، اپنی حفاظت کے لیے بندوق اٹھانی پڑی تو اٹھائیں گے، انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو کی ریلی پر پتھرائو پیپلز پارٹی کی اندرونی لڑائی کا نتیجہ ہے۔