• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی جیپ گروپ کا حصہ ہوں نہ کسی کو جانتا ہوں، چوہدری نثار

ٹیکسلا (نمائندہ جنگ) چوہدری نثارنے کہا ہے کہ کسی جیپ گروپ کا حصہ ہوں نہ کسی کو جانتا ہوں اور نہ ہی کسی اتحاد کو لیڈ کر رہا ہوں،جوبھی حکومت بنے وہ اپوزیشن اورتمام اداروں کے ساتھ ملکر قومی ایشو پر باہمی اتحاد و اتفاق پیدا کرے، آج نواز شریف نے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے ،نواز شریف بتائیں انھوں نےکب خود ووٹ کا احترام کیا ہے۔یہ بات انہوں نے گذشتہ روز ٹیکسلا میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا،انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن فوج اور وفاقی حکومت کی مرضی سے نہیں بلکہ صوبائی حکومت کی درخواست پربطور وزیرداخلہ شروع کیا،اس وقت ملک مشکل ترین حالات سے گذر رہا ہے، آنے والی حکومت کے لئے مسائل کے پہاڑ کھڑے ہیں، تمام اداروں، قوم اور سیاستدانوں کے درمیان بہترین ریلیشن شپ کی ضرورت ہے، میرا پورا فوکس اپنا نشان اور اپنی انتخابی مہم ہے، اگر کوئی گروپ بناتا تو چھ ماہ پہلے ہی بنا لیتا، جنرل (ر) ظہیرالسلام کو فئیر ویل لنچ وفاقی حکومت اورنوازشریف کی مرضی سے دیا گیا، اس میں کسی کی ذاتی خواہش شامل نہ تھی بلکہ یہ ایک روایت ہے، انتخابی عمل اپنے آخری مراحل میں داخل ہونے والا ہے کسی بھی امیدوار کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہونی چاہیے اگر وہ کسی کیس یا کسی اور مقدمہ میں ملوث بھی ہے تو کاروائی دو ہفتوں کے لئے روک دینی چاہیے تاکہ انتخابات کی شفافیت متاثر نہ ہو، کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس سے انتخابی عمل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو،انہوں نے کہا میں نے نواز شریف کو مشورہ دیا تھا کہ اداروں کے ساتھ محاذ آرائی نہیں ہونی چاہیے،میں ایون فیلڈ کے فیصلے پر زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا مگر کچھ چیزوں کی وضاحت ضروری سمجھتا ہوں،وہ میں انتخابی عمل سے چند دن پہلے یا بعد میں کرونگا، جس جماعت کی ایک ایک اینٹ رکھی اسکے خلاف کچھ نہیں کہہ سکتا،مسلم لیگ(ن) سے اس وقت میرا کیا رشتہ ہے وضاحت نہیں کر سکتا، میرے باپ دادا مسلم لیگی تھے میں پیدائشی مسلم لیگی ہوں۔علاوہ ازیں گلستان کالونی واہ کینٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 25 جولائی کو عوام دیکھ لیں گے حلقہ میں شیر ، بلے کا ٹکٹ بھاری ہوگا یا عوام کا ٹکٹ بھاری ہوگا، جنہوں نے گھاٹ گھاٹ کا پانی پیا ہو وہ کیا خاک تبدیلی لائیں گے،پی ٹی آئی تبدیلی نہیں بلکہ بگاڑ لائے گی۔

تازہ ترین