اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) پرویز مشرف کا بیٹا، بیٹی اور داماد نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثوں کے معاملے پر طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے جبکہ نیب ذرائع کے مطابق تمام شخصیات کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں دوبارہ سمن بھیجے جائینگے۔ بدھ کو نیب راولپنڈی نے مشرف کے بیٹے بلال مشرف، بیٹی عالیہ مشرف اور داماد محمد عاصم کو آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق وضاحت کیلئے پیش ہونے کی ہدایت کی تھی، تاہم تینوں میں سے کوئی بھی نیب کے دفتر پیش نہیں ہوا، نیب ذرائع کے مطابق تمام شخصیات کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں دوبارہ سمن بھیجے جائینگے، دوسری جانب پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نیب راولپنڈی کے دفتر آئے اور روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے سوال نامہ حاصل کر لیا ہے اور پرویز مشرف سے مشاورت کے بعد نیب کے سوال نامہ کا جواب دیا جائے گا، اختر شاہ نے بتایا کہ نیب نے سوال نامہ کا جواب داخل کرانے کے لیے 15 دن کا وقت دیا ہے، ابھی سوالنامہ میڈیا سے شیئر نہیں کر سکتے۔