• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف اور مریم کی گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل

لاہور( نمائندہ جنگ،مانیٹر نگ سیل) ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جمعہ کو وطن واپسی کے موقع پر گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی، لاہور ،اسلام آباد ایئرپورٹس پرہیلی کاپٹرزکا انتظام،گرفتار کرکے اڈیالہ منتقل کیاجائیگا۔ذرائع کے مطابق اس ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر قومی احتساب بیورو (نیب) امجد علی اولکھ کریں گے، ٹیم میں نیب کے 9 افسران اور باقی پولیس افسران شامل ہوں گے۔ یہ ٹیم نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرے گی، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم تمام کارر وا ئی کی نگرانی کریں گے۔ نیب آفس میں سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہے نیب نے دو ہیلی کاپٹرز کا انتظام کر لیا ہے اور کابینہ ڈویژن نے دو ہیلی کاپٹرز جمعہ کے روز نیب کو مختص کر دیے ہیں۔ایک ہیلی کاپٹر لاہور اور دوسرا اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑا کیا جائے گا، کسی بھی ایئرپورٹ پر اترتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔اسلام آباد منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹر کاانتظام کر لیا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر صبح دس بجے اسلام آباد سے لاہور ائرپورٹ روانہ ہو گا ۔ چئیر مین نیب نے احتساب عدالت کے جج کو بھی 13 جولائی بروز جمعہ اڈیالہ جیل پہنچنے کیلئے خط ارسال کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے سی سی پی او لاہور کو بھی ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبز اد ی مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ پر ہی گرفتار کر لیا جائے گا ، روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نےکہا کہ لیگی کارکن پرامن رہے تو ایکشن نہیں ہو گا ، حالات خراب ہوئے یا اگر کسی نے بدمزگی پھیلانے کی کوشش کی تو پھر رینجرز اور پولیس دونوں حرکت میں آئے گی کیونکہ ہم کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے ، عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں ،قانون سے کوئی بالاتر نہیں ،قانون شکنی پر کارروائی ہو گی ، نگراں حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو مکمل طور پر یکساں مواقع دے رہی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی تشہری مہم چلانے کیلئے بھی اجازت دے رہے ہیں ۔
تازہ ترین