کراچی(الیکشن سیل) نیب کورٹ سے سزا ملنے کے بعد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز جمعہ کے روز وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ اس دن مسلم لیگ ن کی سیاست اور انتخابی مہم کا رخ طے ہوجائے گا کہ کیا مسلم لیگ ن اپنے ووٹرز کو سڑکوں پر لاکر کامیاب شو کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ اگر ایسا ہوا تو ن لیگ کی انتخابی مہم میں نئے سرے سے جان پڑ جائے گی اور ڈھلوان کی جانب سے جاری رک جائے گا۔ اس لئے جمعہ کا دن ن لیگ کی قیادت اور انتخابی لہر کے لئے فیصلہ کن موڑ ہوگا جو مسلم لیگ ن اور میاں نوازشریف کے مستقبل کی نشاندہی کرے گا۔ اگر ن لیگ پاور شو میں کامیابی حاصل کرے گی تو کارکنوں اور مایوس اور کنفیوژ ووٹرز میں ایک نئی امید کی لہر دوڑے گی اور ن لیگ اپنے بہتر مستقبل کی جانب دیکھ سکے گی۔ کیونکہ سزا سنائے جانے کے بعد سے ن لیگ کا کارکن اور ووٹر مایوس، پریشان اور کنفیوژ ہے کہ پارٹی قیادت کا لائحہ عمل کیا ہوگا۔ جمعہ کا دن اور اس دن کی سیاسی اور احتجاجی حکمت عملی ن لیگ کے ووٹرز کو یہ پیغام دے گی کہ ن لیگ کے پالیسی ساز کیا کرنا چاہتے ہیں۔ ن لیگ کی سیاسی بقا اور مستحکم انتخابی نتائج کا انحصار جمعہ کے دن کی حکمت عملی پر ہوگا۔اگر مسلم لیگ ن جمعہ کے دن اپنے ووٹرز اور کارکنوں کو بہتر منصوبہ بندی سے باہر نہ لاسکی اور شو فلاپ ہونے کا خطرہ ہوا تو یہ ن لیگ کی صفوں میں انتشار پیدا کرے گا اور مایوسی کا شکار کارکن بہتر کارکردگی کی امید چھوڑ بیٹھے گا۔