• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاولپور: 4قومی حلقوں میں بڑے معرکے، 2بھائی آمنے سامنے

بہاولپور(توصیف احمد) الیکشن 2018ء بہاولپور کے چار قومی حلقوں میں دلچسپ اور کانٹے دار معرکوں کا امکان، 2بھائی بھی آمنے سامنے، سابق وفاقی وزراء کے درمیان بھی زبردست زورآزمائی کاامکان۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018ء میں صوبہ بھر کی طرح بہاولپورمیں بھی متعدد سیٹوں پر دلچسپ اور کانٹےکےمقابلوں کاامکان ہے جس کے مطابق این اے 170میں دوسابق وفاقی وزیر آمنے سامنے ہیں،سابق وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم میاں بلیغ الرحمن مسلم لیگ ن جبکہ سابقہ وزیرمملکت برائے ریلوئے ملک فاروق اعظم پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔2013 میں بھی دونوں اپنی جماعتوں کی طرف سے آمنے سامنے تھے تاہم میاں بلیغ الرحمن نے کامیابی حاصل کی تھی۔ این اے 171میں سابق وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کامقابلہ مسلم لیگ ق کے چوہدری طارق بشیر چیمہ اور پی ٹی آئی کے نعیم الدین وڑائچ کے ساتھ ہے،2013ء کے الیکشن میں بھی یہ امیدواران انہی جماعتوں کی جانب سے الیکشن لڑے تھے تاہم اس مرتبہ چوہدری طارق بشیر چیمہ جیپ کے نشان پرآزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ این اے 172میں 2008ء کے الیکشن میں اس حلقے سے سابقہ سینیٹر چوہدری سعود مجید نے سابقہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کوشکست دی تھی جبکہ 2013ء کے الیکشن میں چوہدری طارق بشیر چیمہ نے چوہدری سعود مجید کوشکست دی تھی اس الیکشن میں ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ ن کے چوہدری سعود مجید اور آزاد حیثیت سے لڑنیوالے چوہدری طارق بشیر چیمہ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔این اے 174میں دو بھائیوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ متوقع ہے جس میں تحریک انصاف کے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مخدوم سید علی حسن گیلانی شامل ہیں۔پہلے اس حلقے سے مسلم لیگ ن کی جانب سے مخدوم سید علی حسن گیلانی ایم این اے منتخب ہوئے تھے حال ہی میں انہوں نے مسلم لیگ ن کوخیربادکہہ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکرلی ہے جبکہ اسی حلقے میں نواب صلاح الدین عباسی کے بیٹے پرنس بہاول عباسی جیپ کے نشان پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں ان تینوں امیدواروں کے درمیان کانٹے کےمقابلے کاامکان ہے۔

تازہ ترین