• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز ، مریم کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی ، علی ظفر

اسلام آباد،مری(نمائندہ خصوصی،این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سید علی ظفر نے پشاور، بنوں اور مستونگ میں پچھلے دنوں ہونیوالے دہشتگردی کے واقعات پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات دشمنوں کے آخری بزدلانہ حملے ہیں ، ہم افواجِ پاکستان ، عسکری اداروں اور باہمت عوام کے تعاون اورقربانیوں سے یہ جنگ جیت چکے ہیں دہشتگردی کے واقعات قومی انتخابات پر اثر انداز نہیں ہو سکتے انتخابات بروقت ہونگے ۔ علی ظفر نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی ،دہشت گرد ہمیں خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں کسی صورت جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، تمام سکیورٹی ایجنسیاں اور متعلقہ ادارے مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں، انتخابی امیدوار ریلی، جلسے یا جلوس کیلئے پولیس سے اجازت ضرورلیں ۔مری میں منعقدہ کتاب میلے کی تقریب میں وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ تقریب علم و آگہی، حب الوطنی اور امن وانسانیت کا پیغام دُنیا تک پہنچانے میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے۔اس موقع پر قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے وفاقی سیکرٹری انجینئر عامر حسن ،نیشنل بُک فائونڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید،لارنس کالج کے وائس پرنسپل بریگیڈئر ارشد اقبال چوہدری نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین