نواب شاہ(محمد انور شيخ/بيورو روپوٹ)ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآبادمحمدزمان ناریجو نے کہا ہے کہ ضلع کی عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اس معاملے میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال میں ہائی رسک یونین کونسلوں میں پولیو کے خلاف خصوصی مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اس میں سب کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے قطرے کے فوائد کے بارے میں لوگوں کوا ٓگاہی فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاوْکے قطرے پلاوکرہمیشہ کی معذوری سے بچائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام نجی اسکولوں کے مالکان کو ایک لیٹرجاری کیا جائے کے وہ آنے والی پولیو مہم میں پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اسکولوں میں موجود تمام 5سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاوْ کے قطرے پلائیں جبکہ انکار کرنے والے اسکول مالکان کے اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے ۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیا کہ اس خصوصی مہم کے دوران کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاوْ کے قطرے پینے سے نہ رہے اور حفاظتی ٹیکوں کے کام کوتیز کیا جائے کوتاہی برتنے والے ویکسینیٹر وعملے کے خلاف کارروائی کی جائے ۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر شہیدبینظیرآباد نے بتایا کہ نواب شاہ شہر سمیت 15 ہائی رسک یونین کونسلوں میں پولیو کے خلاف خصوصی مہم 6 اگست سے 8 اگست تک جاری رہے گی نواب شاہ شہر کی ایک سے 9 یوسیز سمیت 10 یونین کونسلوں ،دوڑ کی ایک یوسی کے علاوہ کچا ایریا کی 4 یوسیزمیں پولیو سے بچاوْ کے قطرے پلانے کے لئے خصوصی مہم کے دوران ایک لاکھ 6 ہزار 974 بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگیٹ مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے 206موبائل ٹیمیں،20 فکس ٹیمیں،22 ٹرانزسٹ ٹیموں سمیت 250ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم حامد، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،ڈبلیو ایچ او کے ریجنل کوارڈینیٹر ڈاکٹر عالم آزاد، محکمہ تعلیم، صحت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔