• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرگودھا میں گھمسان کا رن پڑے گا، این اے 90 پی پی 77 اور 78 میں انتہائی دلچسپ معرکے

سرگودھا(ملک محمد اصغر)25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں سرگودھا کی قومی اسمبلی کی 5اور صوبائی اسمبلی کی 10نشستوں کے لیے کانٹے کا مقابلہ ہو گا، سرگودھا شہرکے حلقوں این اے 90،پی پی77اور پی پی 78میں انتہائی دلچسپ معرکے کی توقع ہے۔تفصیلات کے مطابق 2013کے الیکشن میں نواز لیگ نے سرگودھا شہر سے کلین سوئپ کیا تھا ، تاہم اس بار صورتحال مختلف ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے تمام امیدواروں کو پذایرائی مل رہی ہے، جس صورتحال دلچسپ ہو گئی ہے۔ میونسپل کاپوریشن سرگودھا کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود اور سرگودھا شہر کے مضافات پر مشتمل حلقہ این اے 90پی پی 77اور پی پی 78انتہائی اہمیت کا حامل ہے،2008 میں یہاں سے پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تھی۔ این 90سے تحریک انصاف کی امیدوار، ن لیگ کی سابق ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز یہاں انتہائی فعال ہیں، وہ اپنے حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروانے کی بنا پر مقبول ہیں، آج وہ مرد اُمیدواروں کے مقابلے میں زیادہ بہتر انداز میں اپنی کامیاب انتخابی مہم چلا رہی ہیں ، جو ن لیگ کیلئے خاصا پریشان کن ہےجبکہ مسلم لیگ نواز کے اُمیدوار چوہدری حامد حمید‘ پیپلزپارٹی کے تسنیم احمد قریشی‘ متحدہ مجلس عمل کے ڈاکٹر ارشد شاہد اور آزاد جمال الدین فانی بھی خاصی سرگرمی کے ساتھ اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور ووٹرز اُنہیں بھی خاصی پذیرائی دے رہے ہیں۔ پی پی 78میں جعلی ڈگری پر نا اہل قرار دیئے گئے چوہدری رضوان گل کی بیوی امارہ رضوان گل انتخاب لڑ رہی ہیں، امارہ بظاہر کاغذوں میں الیکشن کا حصہ ہیں، عملی طور پر اُنکے شوہر چوہدری رضوان گل ہی اپنی تصویر کے ساتھ الیکشن مہم میں حصہ لے رہے ہیں، جن کا مقابلہ تحریک انصاف کے عنصر مجید خان نیازی کے ساتھ ہے ، پیپلزپارٹی کے اُمیدوار صفدر حسین ساہی بھی بہتر انداز میں انتخابی مہم چلا رہے ہیںجبکہ آزاد اُمیدوار حافظ عبدالروف کی مہم بھی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔پی پی 77میں تحریک انصاف کے اُمیدوار ڈاکٹر لیاقت علی خان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے اُمیدوار چوہدری اقبال اور پیپلزپارٹی کے اُمیدوار متین احمد قریشی کے ساتھ ہو گا ڈاکٹر لیاقت علی سابق تحصیل ناظم رہ چکے ہیں اور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے اپنی الگ شناخت رکھتے ہیں جبکہ متین احمد قریشی قومی اسمبلی کے اُمیدوار سابق وزیر مملکت تسنیم احمد قریشی کے بھائی ہیں ایک چائے فروش شبیر حسین عرف چھبہ اور آزاد اُمیدوار حافظ عبدالروف کے درمیان بھی اس حلقے میں مقابلہ ہو گا۔ اس حلقے میں دلچسپ معرکے کے لیے میٹنگز ‘ جلسے اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے اُمیدوار اور انکے حامی ووٹ حاصل کرنے کے لیے عوام سے نت نئے وعدے کر رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عوام 25جولائی کو کس اُمیدوار کے حق میں فیصلہ کرتے ہیں۔

تازہ ترین