• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک پولیس راولپنڈی اچھے اخلاق کو شعار بنا کر فرائض سرانجام دے،سی ٹی او

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی محمد بن اشرف نے کہا ہےکہ ٹریفک پولیس راولپنڈی پیشہ وارانہ امور کو بروئے کار لاتے ہوئے اور اچھے اخلاق کو شعار بنا کر فرائض سرانجام دے۔ عوام کو آن گراؤنڈ زیادہ سے زیادہ ٹریفک سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکل اور سیکٹر انچارجز اپنے اپنے سرکل اور سیکٹر میں ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے ذمہ دار ہیں غلط پارکنگ کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں۔ غلط پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک بلاک کی شکایت نہیں آنی چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی پابندی و پاسداری کروانا اور عوام کو ٹریفک سہولیات سے آراستہ کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اس ذمہ داری کو محسوس کر کے اپنے فرائض ادا نہ کرنے والے افسران و اہل کاروں کے خلاف محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ٹریفک پولیس راولپنڈی کے افسران و اہلکاروں کو ڈیوٹی سے متعلق شہریوں کو ٹریفک سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین پر موثر انداز سے عمل درآمد کروائے تاکہ شاہراؤں پر انفورسمنٹ کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جاسکے اور بازاروں میں غلط پارکنگ کسی صورت نہ ہونے دی جائے ۔غلط پارک کی گئی گاڑی یا موٹر سائیکل کو فوری لفٹ کر لیا جائے۔ چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ کہ ضلع راولپنڈی میں ٹریفک انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیئے اٹھائے گئے اقدامات پر موثر انداز سے عمل درآمد کروایا جائے اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
تازہ ترین