عمرکوٹ (رپورٹ : گل حسن آریسر) عمرکوٹ میں جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے جانب سے بڑا عوامی جلسہ منعقد ہوا جس میں جی ڈی اے نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ اس جلسے کی قیادت سندھ کی تاریخ میں پہلی بار فنکشنل مسلم لیگ کے صدر اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر صاحب پگارا نے عمرکوٹ روحل وا گرائونڈ میں جی ڈی اے کے جلسے عام سے خطاب کرکے انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ جی ڈی اے کا یہ جلسہ پی ٹی آئی کے تعاون اور پی ٹی آئی رہنمائوں کی شرکت سے بہت کامیاب رہا۔ اس جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے فنکشنل مسلم لیگ کے صدر اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے کہا کہ آصف علی زرداری کبھی کونسلر کی نشست بھی حاصل نہیں کرسکے، وہ بینظیر بھٹو کی شہادت کی وجہ سے ایک مرتبہ پارلیمنٹ کے ایوان بالا تک پہنچ گئے۔ آصف علی زرداری نے بینظیر کا شوہر بننے اور بینظیر کی شہادت کے بعد موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب پیپلزپارٹی کا خاتمہ قریب ہے، پیپلزپارٹی نے سندھ کو تباہ و برباد کردیا اس لئے میں سندھ کو بچانے کیلئے سندھ کے سیاسی میدان میں آگیا ہوں اور فتح ہماری ہو گی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائیس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مزا تب آتا ہے کہ جلسے میں مقررین کے خطاب سے پہلے ہزاروں کا عوامی مجمع اپنا جوش و خروش دکھائے کہ عوام کا رخ کہاں جارہا ہے اس مجمع نے جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کی کامیابی کی راہیں کھول دی ہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ارباب غلام رحیم پیر تاج حسین شاہ جیلانی لال مالہی پیر مجدد جان سرھندی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔