ترکیہ میں آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران 10 فائر فائٹرز اور امدادی کارکن جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک وزیرِ زراعت اور جنگلات ابراہیم یماکلی نے بتایا ہے کہ ’5 فائر فائٹرز اور 5 امدادی کارکنوں جنگل میں لگنے والی آگ میں جاں بحق ہوگئے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ مزید 14 فائر فائٹرز جو آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف تھے، اپنی کوششوں کے دوران زخمی ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف تھے کہ اچانک ہوا نے رخ تبدیل کرلیا اور وہ آگ میں پھنس گئے تھے، جنہیں ریسکیو تو کرلیا گیا تھا لیکن وہ پھر بھی جانبر نہ ہوسکے اور اسپتال میں انتقال کرگئے۔
ابراہیم یماکلی نے مزید بتایا کہ ’گرمی کی شدت اور ہوا سے صورتحال نازک ہوسکتی ہے، ہوا کے رخ میں تبدیلی اور گرمی میں اضافہ متوقع ہے، میں 86 ملین شہریوں سے محتاط رہنے اور احتیاط کرنے کی ہدایت کروں گا‘۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے جاں بحق ہونے والے فائر فائٹرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’انہوں نے ہمارے جنگلات کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں دی ہیں‘۔
ترک صدر نے مزید کہا، ’میں اپنے ہم وطنوں پر خدا کی رحمت کے لیے دعاگو ہوں جنہوں نے ہمارے جنگلات کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی پروا نہیں کی، میں ان کے اہل خانہ کو اپنی اور قوم کی جانب سے سلام پیش کرتا ہوں‘۔