اسلام آباد......وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہےکہ دہشت گردی کے خلاف بندوق کی جنگ تو سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں سے جیت رہے ہيں لیکن نفسیاتی جنگ بھی اہم ہے ، دہشت گرد بھاگ رہے ہیں اور اب صرف سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنارہے ہيں ، دہشت گردی کے واقعات میں خاصی کمی آئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نےکہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں ، جنگیں صرف بندوقوں اور گولیوں سے نہيں لڑی جاتیں ، بندوق کی جنگ ہم سیکیورٹی ادروں کی کاوشوں سے جیت رہے ہيں ، لیکن نفسیاتی جنگ بھی اہم ہے۔
انہوں نےکہاکہ دنیا میں روایت ہے کہ ملک حالت جنگ میں ہو تو وہی چہرہ سامنے آنا چاہیے جو دشمن کو کمزور اور ملک کو مضبوط کرے لیکن یہاں تو الٹی گنگا بہہ رہی ہے ،اس وقت جنگ جاری ہے اور جب جنگ جاری ہوتی ہے تو وار دونوں طرف سے ہوتا ہے ۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ دہشت گرد بھاگ رہے ہیں اور دہشت گردی کے واقعات کم ہورہے ہیں ، دہشت گرد اب سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنارہے ہیں ، وہ اب روزانہ سات آٹھ ٹارگٹس کو نشانہ نہيں بناسکتے ، مایوسی کی باتیں دشمنوں کو مضبوط کرنے کے برابرہیں۔
چودھری نثار نےکہاکہ ہم نے لڑائی کرنی ہے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے ، ایک بندوق کے خلاف لڑنا ہے دوسرا دہشت اور خوف کی فضا کےخلاف لڑنا ہے
وزیر داخلہ نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں افغان سمیں رومنگ پر موثر نہيں لیکن فاٹا میں افغانستان کےقریبی علاقوں میں کہیں کہیں ایکٹو ہیں ، ان پر پی ٹی اے سے رابطہ کیا ہے۔