• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری نثار ہر اہم موقع پر گم ہو جاتے ہیں، نثار احمد کھوڑو

Latest News
کراچی......وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے سندھ حکومت پر تنقید کے جواب میں سینئر صوبائی وزیر سندھ نثار کھوڑو نے وفاقی وزیر سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ کہا کہ چوہدری نثار اہم موقع پر گم ہوجاتے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار ہر اہم موقع پر بیمار ہو جاتے ہیں، ان کو چاہیے کہ وہ اپنی بیماری کا سرٹیفکیٹ دکھائیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ دعویٰ ہی کیوں کیا جاتا ہے جسے پورا نہیں کیا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب نے بھی سردی کا بہانا بنا کر اسکول بند کر دیئے، حکومت کی جانب سے عوام کی سیکیورٹی کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہ کرنا وفاقی حکومت کی ناکامی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کمزوری چھپانے کے لئے دوسروں کو نشانہ بناتے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ اگر نیشل ایکشن پلان پر اپنی ذمہ داری نبھا نہیں سکتے تو استعفیٰ دے دیں، وہ جس طرح باتیں کرتے ہیں، ہر جانب سے استعفیٰ کا مطالبہ شروع ہو جائے گا۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار سندھ آئیں اور لوگوں کی باتیں سنیں تو انہیں یہاں کے حالات کا پتہ چل جائے گا، ان کے سندھ نہ آنے کا مطلب ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے گھبرا رہے ہیں اور فرار چاہتے ہیں، اب مشرف کا دور نہیں کہ کوئی ان پر ہاتھ نہ ڈال سکے، اب وہ عوام کو جوابدہ ہیں۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار نے اپنی پریس کانفرنس میں سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کے لوگ قوم میں مایوسی پھیلا رہے ہیں، چند مخصوص لوگ دہشت گردوں کے ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں۔
تازہ ترین