• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلٹ پیپرز کی چاروں صوبوں میں ترسیل، کراچی میں آج ہوگی

بیلٹ پیپرز کی چاروں صوبوں میں ترسیل، کراچی میں آج ہوگی

عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرزکی چھپائی کا کام مکمل ہو گیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل چاروں صوبوں میں ماسوائے کراچی کے مکمل ہوگیا،جہاں آج ترسیل کی جائے گی۔

الیکشن کیشن کے مطابق ‎بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے لیے بیلیٹ پیپرزکی چھپائی اور ترسیل مکمل ہوگئی، عام انتخابات کے لیے 22کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔

پہلی بار سیکیورٹی فیچرز پر مبنی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے، ‎کے پی اورفاٹا کے لیے 3 کروڑسے زائد بیلیٹ پیپر پرنٹنگ کارپوریشن اسلام آباد میں چھاپے گئے۔

‎بلوچستان، سندھ، بہاولپور، ملتان ، ساہیوال ڈویژن، ڈی جی خان ا ور سرگودھا ڈویژن کے لیے 10 کروڑ سے زائد بیلیٹ پیپرز کراچی میں چھاپے گئے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ‎اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ ،فیصل آباد اورلاہور ڈویژن کے لیے 7 کروڑ سے زائد بیلیٹ پیپرز اسلام آباد میں چھاپے گئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات 2018ء کے لیے قومی اسمبلی کے بیلیٹ پیپر کا رنگ سبز اور صوبائی اسمبلیوں کے بیلیٹ پیپر کا رنگ سفید رکھا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹنگ کے لیے وضع کیے گئے طریقہ کار کے مطابق ‎پہلے مرحلے میں پولنگ افسر ووٹر کا اصل قومی شناختی کارڈ چیک کرے گا۔

پولنگ افسر کو شناختی کارڈ کی چیکنگ کے بعد ووٹرلسٹ میں درج نام چیک کرنا ہوگا جبکہ ووٹر کا نام اور سلسلہ نمبر پولنگ ایجنٹس کے لیے بلند آواز میں پکارا جائے گا۔

ووٹر کا سیدھی لکیر سے فہرست سے نام کاٹا جائے گا جس کےبعد کاؤنٹر فائلر پر ووٹر کے انگوٹھے کا نشان لیا جائے گا، پھر انگوٹھے کے ناخن کے جوڑ پر ان مٹ سیاہی کا نشان لگایا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر کے بیلیٹ پیپر کی پشت پر دستخط ہوں گے، دستخط کے بعد ووٹر کو سبز اور سفید بیلیٹ پیپر جاری کیے جائیںگے اور ووٹر ووٹنگ اسکرین کے پیچھے جا کر اپنے پسندیدہ امیدوار کے انتخابی نشان پر مہر لگائے گا۔

الیکشن کمیشن نےبتایا ہے کہ قومی اسمبلی کا سبز بیلیٹ پیپر سبز ڈھکن والے بیلیٹ باکس میں جبکہ صوبائی اسمبلی کا سفید بیلیٹ پیپر سفید ڈھکن والے باکس میں ڈالا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل 25 جولائی کو صبح 8 بجے شروع ہوگا اور شام 6 بجے ختم ہوگا، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کا دروازہ بند کر دیا جائے گا اور وقت ختم ہونے کے باوجود پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔

تازہ ترین