ایف آئی اے نے حسین لوائی و دیگر کے خلاف مقدمے کے چالان میں زرداری اورفریال تالپور کو مفرور قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے اربوں روپے کے منی لانڈرنگ کے مقدمے کا عبوری چالان سیشن جج جنوبی کی عدالت میں جمع کرایاجہاں نجی بینک کےچیئرمین حسین لوائی سمیت مجموعی طور پر 20 افراد کو مفرور قرار دیا گیاجبکہ اس فہرست میں زرداری اور فریال تالپور کا نام 19 اور 20 ویں نمبر پر موجودہے۔
ذرائع نےمزید بتایا کہ حسین لوائی و دیگر کے خلاف درج مقدمے میں مفرور ملزمان میں انور مجید اور ان کے بیٹے کا نام بھی شامل ہےجبکہ ایف آئی اے نے حسین لوائی سمیت 32 افراد کے خلاف بےنامی اکاؤنٹس کی تحقیقات جاری رکھی ہیں جن میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی ٹرانسیکشنز ہوئی ہیں۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ یہ اکاؤنٹس 2014 میں چند ماہ کے لیے کھولے گئے تھے، ان اکاؤنٹس کی تحقیقات 2015 میں شروع ہوئی تاہم دباؤ کے باعث ایف آئی اے نے یہ تحقیقات روک دی تھیں۔
ان بینک اکاؤنٹس میں اربوں روپے کی ٹرانسیکشنز ہوئیں جبکہ ایک دوسرے بینک کے اکاؤنٹ میں ایکویٹی کی خاطر اربوں روپے بھی بھیجے گئے، بینک اکاؤنٹس مختلف لوگوں کے نام پر جعلی کاغذات پر کھولے گئےتاہم ان افراد سے جب تحقیقات ہوئی تو انہوں نے ان اکاؤنٹس سے لاتعلقی ظاہر کی تھی۔